فلپائن:جیل پر حملہ,158 قیدی فرار,گارڈ ہلاک
بدھ کی صبح کوٹا باٹو میں 100 کے قریب مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، کئی گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ،6 قیدی بھی مارے گئے
حملہ آوروں کا تعلق کالعدم تنظیم کے منحرف دھڑے سے ہو سکتا ہے ،فرار قیدیوں کی تلاش شروع کر دی ، پولیس چیف کیدا پاوان (آئی این پی) فلپائن میں 100 کے قریب مسلح افراد نے جیل پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 158 قیدی فرار ہو گئے ، جن کی تلاش جاری ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے صوبے کوٹا باٹو کے شہر کیدا پاوان میں واقع شمالی کوٹا باٹو جیل پر مسلح افراد نے بدھ کو علی الصبح حملہ کر دیا ۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں سے نمٹنے کے لیے پولیس اور فوج کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں 6 قیدی ہلاک ہو گئے ، جن میں سے پانچ وہ قیدی تھے جو فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے ، جبکہ باغیوں کی فائرنگ سے ایک گارڈ بھی ہلاک ہو گیا ۔ کیدا پاوان کے پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ لیو اجیرو نے بتایا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کا تعلق کالعدم بینگ سامورو اسلامک فریڈم فائٹرز اور مورو اسلامک لبریشن فرنٹ سے منحرف ہونے والے دھڑے سے ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جیل پر حملے کی وجہ سے تقریباً 158 قیدی فرار ہو گئے اور قریبی جنگلوں میں چھپ گئے ، جن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ فلپائن کی تاریخ میں جیل توڑنے کا یہ سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے ، جیل میں 1500 قیدی موجود ہیں ، جن میں کالعدم تنظیم بینگ سامورو کے کارکن بھی شامل ہیں اور ان پر بم دھماکوں اور قتل کے الزامات ہیں۔ واضح رہے کہ فلپائن کے اس صوبے میں 2007 کے بعد سے جیل پر ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے ۔