امریکہ نے میزائل پروگرام سے منسلک 7 پاکستانی اداروں پر پابندی لگادی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی حکومت نے مبینہ طور پر ملک کے میزائل پروگرام کے ساتھ منسلک سات پاکستانی اداروں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کر دیاہے۔تفصیلات کے مطابق امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف کامرس نے پاکستان کے سات اداروں کو ’ایکسپورٹ ایڈمنسٹریشن ریگولیشن ‘کی فہرست میں شامل کر لیاہے جبکہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف کامرس کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ ان تمام اداروں پر پابندیاں امریکہ مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات پر لگائی گئیں۔امریکی کامرس ڈیپارٹمنٹ کا کہناہے کہ یہ پابندیاں ایکسپورٹ ایڈمنسٹریشن ریگولیشن کی خلاف ورزی روکنے میں مدد دیں گی۔امریکہ کی جانب سے پابندیوں کا شکار ہونے والے اداروں میں احد انٹرنیشنل،ایئر ویپنز کمپلیکس،انجینئرنگ سلوشنزپرائیویٹ لمیٹڈ،میری ٹائم ٹیکنالوجی کمپلیکس،نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائینٹفک کمیشن،نیو آٹو انجینئرنگ،یونیورسل ٹولنگ سروسز اور اس کے تین اتحادی فارورڈ ڈیزائن اینڈ مینوفیکچرنگ،ایم ایس ایم انٹرپرائزز،ٹیکنو پاک انجینئرنگ بھی شامل ہیں۔