پاکستان

خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کی اسامیاں اَپ گریڈ کرنے کے لئے سمری وزیر اعلیٰ کو ارسال

پشاور (نیوز وی او سی )خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کی اسامیوں کو 4 درجاتی فارمولے کے تحت اپ گریڈ کرنے کے لئے سمری وزیر اعلیٰ کو ارسال کی گئی ہے جس کے مطابق مجموعی اسامیوں کے40فیصد کو گریڈ17ہی میں رکھنے جبکہ باقی36فیصد کو گریڈ18،19فیصد کو گریڈ19اور تین فیصد کو گریڈ20میں اپ گریڈکرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بات سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی کی زیر صدارت ڈاکٹروں کے سروس سٹرکچر اور دیگر امور کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میں سیکرٹری صحت اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ پشاور کے تینوں تدریسی ہسپتالوں کی انتظامیہ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور ’’انصاف ڈاکٹرز فورم‘‘ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں ڈسٹرکٹ اسپشلسٹس اور ڈینٹل سرجنز کے سروس سٹرکچر پر بھی کام کیا جا رہا ہے جبکہ جنرل کیڈر ڈاکٹروں کی ترقیوں کا معاملہ عدالتی کیسز اور بعض ڈاکٹروں کے اے سی آرزمکمل نہ ہونے کی وجہ سے التواء کا شکار ہے اور جن ڈاکٹروں کے اے سی آرز مکمل نہیں انہیں اے سی آرز جلد ی مکمل کرنے کیلئے بذریعہ اخبارنوٹس دیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز تنظیموں کے نمائندوں کی طرف سے ہسپتالوں میں بعض اوقات مریضوں کے لواحقین کے ڈاکٹروں اور طبی عملے پر تشدد اور ہاتھا پائی کے واقعات کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کے مطالبے پر وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے بتایاکہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں مناسب قانون سازی پر غور کر رہی ہے تاکہ ہسپتالوں میں طبی عملے اور مریض دونوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ڈاکٹرز تنظیموں کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں باہمی مشاورت کے بعد حکومت کو ٹھوس اور قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ڈاکٹروں کی طرف سے تمام تدریسی ہسپتالوں کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے معیار کے مطابق خودمختاری دینے اور ان ہسپتالوں میں انتظامی سٹرکچر کو یکساں بنانے کے مطالبے صوبائی وزیر نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں بہت جلد تمام تدریسی ہسپتالوں کی انتظامیہ کا اجلاس بلا کر اس معاملے کا کوئی پائیدار حل نکالنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button