احمد شہزاد غلطیوں سے سبق سیکھ کر’’سدھر‘‘گئے
کراچی: احمد شہزاد نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ’’سدھر‘‘ جانے کا اشارہ دیا ہے جب کہ ان کا کہنا تھا کہ میری تمام ترتوجہ کرکٹ پر ہے اور نیا سال میرے لیے اچھی نوید لے کرآئے گا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ گزرے دنوں میں جوکچھ ہوا مجھے اس سے تکلیف پہنچتی رہی، میں اس پرسوچتا رہتا تھا، پھر میں نے غورکیا کہ ایسا کرنے سے میرا ہی نقصان ہورہا تھا چنانچہ اب میں نے سب کچھ بھلا کر اپنی تمام ترتوجہ کھیل پر مرکوزکرلی ہے، میں مانتا ہوں کہ ماضی میں مجھ سے غلطیاں ہوتی رہیں جس پر نادم ہوں، ایک سوال پر ایچ بی ایل کے کپتان نے کہا کہ5 سال بعد مجھے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے ادارے کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا، ابتدائی قائد اعظم ٹرافی میچزکے بعد بنگلہ دیشی لیگ میں میری کارکردگی سب کے سامنے ہے، بعدازاں ٹرافی کے فائنل میں سنچری جڑنے سے میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا،جاری ون ڈے ٹورنامنٹ میں کارکردگی بھی بہتر ہے،
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ اپنے اطمینان اور شوق کے لیے کھیل رہا ہوں، اپنی کارکردگی سے مطمئن لیکن قومی اسکواڈ میں شمولیت کا انحصارسلیکٹرز پر ہے۔ دریں اثنا ٹیسٹ بولر عمر گل نے کہاکہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہوں، افسوس ہے کہ انجریزسے نجات پانے کے ڈیڑھ سال بعد میدان میں واپس آ کر سلیکٹرزکومتاثر نہ کرسکا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میری کوشش ہے کہ اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بناؤں، اس حوالے سے خصوصی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔