رﺅف صدیقی نے رحمان بھولا کے الزامات مسترد کردیے، قسم کھا کر کہتا ہوں کہ سانحہ بلدیہ سے کوئی تعلق نہیں : ایم کیو ایم رہنما
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رﺅف صدیقی نے سانحہ بلدیہ کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کے تمام الزامات مسترد کردیے اور مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کے اصل مجرمان کو پکڑا جائے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رﺅف صدیقی کا کہنا تھا قسم کھا کر کہتا ہوں کہ سانحہ بلدیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے رحمان بھولا کے تمام الزامات مسترد کرتا ہوں، سانحہ بلدیہ کے مقدمے میں مجھے رسوا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ یہ واقعہ الفاظ کی بھینٹ چڑھے۔
انہوں نے کہا کہ کیس میں تھوپا تھاپی نہ کی جائے بلکہ اصل مجرمان کو پکڑا جائے اور اس سانحے میں جو بھی ملوث ہو اسے سخت سے سخت سزا دی جائے، تحقیقات کیلئے مجھے جب بھی بلایا جائے گا میں جاﺅں گا۔
رﺅف صدیقی کا کہنا تھا کہ میں جائے وقوعہ پر بطور وزیر صنعت و تجارت کھڑا تھا لیکن تحقیقات میں معاونت کیلئے استعفیٰ دیا اور میرے استعفیٰ دینے کے بعد متاثرین کو حکومت نے معاوضہ ادا کیا ، سانحہ سے پہلے بلدیہ فیکٹری کے مالکان کے نام تک نہیں جانتا تھا ۔