ایڈیٹرکاانتخاب

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد ، حضرت عیسیٰ ؑ دنیا میں انسانیت،امن ،محبت اور احترام کی علامت ہیں :وزیر اعظم نواز شریف

اسلام آباد (نیوز وی او سی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کرسمس کے پرمسر ت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں رہنے والے مسیحی بھائیوں کو مبارکباد دی ہے اور کرسمس کی خوشیوں کے بارے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور د نیا بھر میں لاکھوں مسیحی آج یسوع مسیح کا جشن ولادت منارہے ہیں، جنہیں اس دنیا میں انسانیت کے لئے امن، بھائی چارے اور احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا تھا ،یہ دن ہمیں ان اقدار کی یاد دلاتا ہے جن میں یسوع مسیح خود اپنی زندگی گزارتے تھے، انہوں نے نہ صرف دکھی انسانیت کا مداوا کیا بلکہ رواداری، محبت اور رحم جیسی اقدار کی تبلیغ کی ،کرسمس خاندان اور دوستوں کے ساتھ پر تپاک ، خوشگوار لمحات کے ساتھ جشن منانے کاوقت ہے ،یہ یسوع مسیح کے محبت، امن، انسانیت کے لئے رواداری اور ہمدردی کے ا بدی پیغام پر غور کرنے کا بھی وقت ہے، کرسمس ان کی تعلیمات سے دوبارہ لگن کرنے اور گناہوں سے توبہ کا وقت ہے، ہم بطور مسلمان کے یسوع مسیح کا دلی احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ اللہ تعالی کے عظیم پیغمبروں میں سے ہیں.
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے آئین میں بھی قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن اور اقلیتوں کے جائز مفادات کے تحفظ بارے بتایا گیا ہے ،قائد اعظم نے قیام پاکستان کے شروع دن سے ہی واشگاف طور پر اپنی پالیسی کا اعلان کر دیا تھا جو کہ پاکستان میں رہنے والے تمام طبقات کے مذہب، پیشہ یا نسل سے قطع نظر سب کے لئے برابری ، آزادی اور ان کے تحفظ پر مبنی تھی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے خود کو اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو حاصل برابر مواقع اور ان کے وجود کی حرمت کے تحفظ کے لئے وقف کر رکھا ہے، ہماری حکومت تما م اقلیتی شہریوں سے پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرح مساوی سلوک کرتی ہے اور ان کو بااختیار بنانے کی ذمہ داری لیتی ہے تاکہ وہ قومی ترقی کے لئے اپنی اقتصادی اور سیاسی، سماجی صلاحیتوں کو استعمال کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بڑی خوشی ہو ئی ہے کہ اقلیتیں پاکستان میں مسلح افواج میں خدمات سمیت بلا رکاوٹ ملک کی ترقی وخوشحالی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں، اس سے ملک بھر کے طول وعرض میں تمام مذاہب کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گہری یگانگت کی عکاسی ہوتی ہے ،یہی وہ جذبہ ہے جو ہم سب کو ایک خاندان کے طور پر اکٹھا کئے ہوئے ہے تاکہ ہم اپنی ان خوشیوں اور اقدار کو بھر پور طور پر منائیں جوہمیں عزیز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس پر مسرت دن پر میں پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتوں کی طرف سے ادا کئے جانے والے متنوع اور سو دمند کردار کو تسلیم کرنا چاہتا ہوں اور میں ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مسیحی برادری کا کردار بھی تسلیم کرنا چاہتا ہوں میں ان کی حب الوطنی، لگن سے خدمت اور ملک کے ساتھ وابستگی کو بھی سراہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ مکمل لگن سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button