ہمارے جہاز پر فائٹر جیٹ سے بمباری کی گئی، ایرانی جہاز کے چیف انجینئر کا ویڈیو پیغام
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) یمن کی سمندری حدود میں حملے کا شکار ہونے والے بحری جہاز کے پاکستانی چیف انجینئر کبیر کا ویڈیو پیغام منظر عام پر آگیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے جہاز پر فائٹر جیٹ سے بمباری کی گئی۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق یمن کی سمندری حدود میں مصر سے دبئی جانے والے ایرانی کارگو شپ کو راکٹ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز پر موجود 7 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ان میں سے صرف ایک زندہ بچا تھا۔ زندہ بچ جانے والے چیف انجینئر کبیر نے اب اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے ۔
اپنے ویڈیو بیان میں چیف انجینئر کبیر نے بتایا کہ ان کے شپ پر فائٹر جیٹ کی مدد سے بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں ان کا جہاز سمندر میں ڈوب گیا اور اس کے تمام پاکستانی ساتھی مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ میرے ساتھ میرے ساتھی سہیل کی لاش بھی ہسپتال لائی گئی تاہم ہمارے دیگر 6 پاکستانی ساتھیوں کا کچھ پتا نہیں ہے۔ کبیر نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ یمن میں پاکستانی سفارتخانے کو متحرک کیا جائے اور مجھے اپنے گھر بھیجا جائے۔