بھارتی گلوکار ہمیش ریشمیا کا اہلیہ سے علیحدگی کا فیصلہ
بھارتی گلوکار ہمیش ریشمیا کا اہلیہ سے علیحدگی کا فیصلہ
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف موسیقار و گلوکار ہمیش ریشمیا نے اہلیہ کومل سے 22 سالہ تعلق ختم کرتے ہوئے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
بالی ووڈ میں شادیوں کے ساتھ ساتھ طلاق کا موسم بھی چل رہا ہے اور رواں سال کئی نامور اداکاروں کی شادی کے علاوہ علیحدگی کی خبریں میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔ سلمان خان کے بھائی ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ سمیت معروف ہدایتکار فرحان اختر کے بعد ایک اور نامورگلوکار ہمیش نےاہلیہ سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمیش ریشمیا نے اہلیہ کومل سے 22 سالہ رشتہ ختم کرنے کے لیے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے جب کہ ممبئی کی باندرہ فیملی کورٹ نے درخواست کی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب طلاق کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے گلوکار کا کہنا تھا کہ ہم دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے جس پرہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم اہلیہ کومل طلاق کے بعد بھی فیملی کاحصہ رہیں گی۔
واضح رہے کہ گلوکار ہمیش ریشمیا اور کومل کا ایک بیٹا ہے۔