درخواست ہے پاناما کیس کی سماعت کرنیوالا بینچ ہی فیصلہ کرے:عمران خان
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے سپریم کورٹ کے پاس اب اتنا مواد آگیا ہے کہ وہ پاناما کیس کا فیصلہ کرسکے ،ہم نے ثابت کیا کہ نواز شریف نے قوم سے جھوٹ بولا،درخواست ہے پانامالیکس کی سماعت کرنیوالا بینچ ہی فیصلہ کرے ،ہم صرف نواز شریف نہیں ، پوری حکومتی مشینری کیخلاف کیس لڑرہے ہیں،شریف خاندان کی کرپشن بچانے کے لئے پوری حکومتی مشینری کام کر رہی ہے ۔بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا بیرون ملک دولت کا شریف خاندان کے پاس کوئی جواب نہیں، منی لانڈرنگ کا پیسہ باہر جاتا ہے اور ڈرائی کلین ہو کر واپس آجاتا ہے ۔ اگر لوگ میرے ساتھ نہ نکلتے تو یہ پانامالیکس کا معاملہ بھی بھلادیا جاتا ،ہم نے یہ ثابت کیا کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریروں میں پانامالیکس کے حوالے سے جھوٹ بولے ،سپریم کورٹ کے بینچ نے بھی تسلیم کیا کہ بہت سارے سوالوں کے جواب شریف خاندان کو دینا ہوں گے ، یہ ہماری 7 ماہ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ عمران نے کہا پورا پاکستان گزشتہ 8 ماہ سے اس کیس میں پھنسا ہوا ہے ،اب نواز شریف مزید منصوبوں کا افتتاح کر دیں گے اور اربوں روپے کے پل اور سڑکیں بنادیں گے ، کوئی بھروسہ نہیں کہ وہ اپنے آپ کو بچانے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کو بلالیں۔ نواز شریف کے پاس نہ ثبوت ہیں اور نہ ہی ساری دولت کا جواب ، عدالت نے شریف فیملی سے ثبوت مانگ لئے ہیں ، اب ججز سوال کرینگے ۔ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف 5الزامات ثابت کردئیے ہیں، آج پاناما کیس میں فیصلہ کن موڑآئے گا۔ حسین نواز23 سال کی عمرمیں ہی اپنی محنت سے ارب پتی بن گئے تھے ، وزیراعظم بتائیں کہ حسین نوازنے جائیداد کن پیسوں سے بنائی؟یہاں تک کہ حسین نے اپنے والدکو74 کروڑروپے قرض دیا۔ اس سے قبل بنی گالا میں تحریک انصاف کے سینئر ارکان کا اجلاس منعقد ہوا،پاناما کیس میں نعیم بخاری اور ان کی لیگل ٹیم کوبہترین تیاری کے ساتھ کیس پیش کرنے پر مبارکباد دی گئی ۔ عمران خان