پرویزمشرف سے اہم سیاسی رہنماکارابطہ، آئندہ ماہ دبئی میں ملاقات کا فیصلہ
کراچی( صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل )کے سربراہ پیر پگارا صبغت اللہ راشدی اور سابق صدر پرویز مشرف کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ۔ دونوں رہنماں نے ملکی سیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں سندھ کی موجودہ صورت حال بھی زیر غور رہی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بات چیت میں اس بات کا فیصلہ کیاگیاکہ پیرپگارادسمبر میں دبئی جائیں گے اور پرویز مشرف سے ملاقات کریں گے۔ گزشتہ روز پیر پگارا نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے عامر خان کے گھر پرملاقات کی تھی، ملاقات میں صوبہ سندھ کی بہتری کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے مسلم لیگ فنکشنل سے سیاسی الحاق کے سوال کو عامر خان نے قبل از وقت قرار دیا۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے, عمران خان نے دھاندلی کے خلاف جدوجہد شروع کرنے میں دیر کی۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک کو بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے ایسے میں سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے.