جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے نئے سربراہ مقرر

اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت تھری اسٹار لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا گیا ہے۔ جنرل زبیر حیات ا وقت جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
جنرل قمرجاوید باجوہ چیف آف دی آرمی اسٹاف کے پرنسپل اسٹاف آفیسر اور جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف دی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف دی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن وہ عہدہ ہے جس پر آرمی چیف مقرر ہونے سے قبل جنرل راحیل شریف بھی فائز تھے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ اقوامِ متحدہ کے تحت کونگو میں پاک فوج کے امن مشن کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں جب کہ انفینٹری اسکول، کوئٹہ میں کمانڈانٹ؛ اور پاک فوج کی سب سے بڑی 10 کور کے کورپس کمانڈر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران کور کمانڈر راولپنڈی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا تعلق پاک فوج کی انفینٹری بلوچ رجمنٹ سے ہے اور وہ اس رجمنٹ سے آرمی چیف بننے والے چوتھے افسر ہیں، ان سے پہلے پاک فوج کے سربراہان بننے والے جنرل یحییٰ خان، جنرل مرزا اسلم بیگ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کا تعلق بھی اسی رجمنٹ سے تھا۔
پاک فوج کے نئے سربراہ 29 نومبر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جس کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے ہاکی گراؤنڈ میں ہوگی جہاں سبکدوش ہونے والے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اپنے نئے جانشین کو پاک فوج کی کمان علامتی چھڑی پیش کریں گے۔
واضح رہےکہ وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم کو نئے آرمی چیف کے لیے 5 سینئر موسٹ لیفٹیننٹ جنرلز کی سمری بھیجی گئی تھی جن میں پہلے نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات سب سے سینئر تھے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم دوسرے، لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ تیسرے، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے چوتھے اور لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق سنیارٹی کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر تھے۔