پاکستان

عدالت نوازشریف کیخلاف گیلانی طرز پر کارروائی کرے :اعتزاز احسن

لاہور(سپیشل رپورٹر،نیو زایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاہے کہ سپریم کورٹ نوازشریف کے خلاف بھی گیلانی طرز پر کارروائی کرے ۔اگر عدالت نے ایسا کیا تو نواز شریف کیلئے راہ فرار نہ ہوگی۔ججز کو احساس ہونا چاہیے کہ بار ثبوت شریف خاندان پر ہے ۔قطری شہزادے کے عدالت میں پیش ہونے تک ان کا خط ردی کا ٹکڑا ہے ۔ اگر وہ پیش بھی ہوئے تو صرف 10 سوالوں میں ہی ان کی ٹانگیں کانپ جائیں گی۔ جہانگیر بد رکے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد ان کی رہائش گاہ علی ٹاؤن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حامد خان کا معاملہ میڈیا نے خراب کیا، اس کیس میں اب حکومت کی جانب سے نئی نئی باتیں سامنے آرہی ہیں، وزیراعظم نواز شریف کے قومی اسمبلی کے بیان میں قطری شہزادے کا نام تک نہیں تھا لیکن پتہ نہیں یہ قطری شہزادہ یکدم کہاں سے نمودار ہو گیا۔ پاناما کیس کے حوالے سے نہ پی ٹی آئی نے کوئی رابطہ کیا اور نہ ہی مشورہ مانگا تاہم اگر مشورہ مانگا گیا تو ضرور دوں گا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بطور وزیراعظم عدالت میں پیش ہوئے ، پامانا لیکس کیس میں نوازشریف کوبھی عدالت میں پیش ہوناچاہیے ۔ نیو ز ایجنسیوں کے مطابق اعتزاز احسن نے کہاکہ ججز کو احساس ہونا چاہیے کہ بار ثبوت شریف خاندان پر ہے ،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نواز شریف کے خلاف بھی گیلانی کی طرز پر کارروائی کرے ۔ نوازشر یف کوجب 1998میں سپر یم کورٹ نے بلایا تو اگلے دن سپر یم کورٹ پر (ن) لیگ نے حملہ کر دیا ۔ ججز کو چھپ کر وہاں سے بھاگنا پڑ ا یہ سب کچھ پوری قوم کے سامنے ہے ۔سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مارشل لاء کے خلاف جہانگیر بدر کا کردار ناقابل فراموش ہے وہ پابندسلاسل بھی رہے پاکستان کو ایسے لیڈروں کی ضرورت ہے ، شریف خاندان کے بیانات میں تضاد ہے ، حسین نواز نے خود کہا تھا کہ قطر سے کسی نے مدد نہیں کی لیکن اب خط منظر عام پر آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات بالکل جائز ہیں جس پر پیپلزپارٹی کبھی بھی یوٹرن نہیں لے گی۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آئین آرمی چیف کی تقرری کے متعلق کچھ نہیں کہتا یہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت آتا ہے ، پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت آرمی چیف کی تقرری کا اختیار وزیر اعظم کو ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button