مودی کو سمجھ ہے ہم کیا کررہے ہیں اور کیا کرسکتے ہیں، سربراہ پاک فوج
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مودی کو سمجھ ہے ہم کیا کررہے ہیں، کیا کرسکتے ہیں اور ہماری قابلیت کیا ہے جب کہ مودی کو ہماری بات بھی سمجھ آگئی ہے کہ جارحیت سے کچھ نہیں ملے گا۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق ایوان صدر میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں صحافیوں نے آرمی چیف سے کئی سوالات کیے جس میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ نریندی مودی باز نہیں آرہے جس پر آرمی چیف نے کہا کہ مودی کو سمجھ ہے ہم کیا کررہے ہیں، کیا کرسکتے ہیں اور ہماری قابلیت کیا ہے جب کہ مودی کو ہماری بات بھی سمجھ آگئی ہے کہ جارحیت سے کچھ نہیں ملے گا۔
ایک اور سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی سرجیکل اسٹرائیک صرف باتوں تک تھی اور بھارت کو اپنے دعوؤں پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ جس روز ایل او سی پر ہمارے 7 جوانوں کی شہادت ہوئی اسی دن ہم نے بھارت کے 11 فوجی بھی مارے اور ہمیں پتا ہے کہ بھارت کے 40 سے 44 فوجی مارجاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی طرف ہر شہادت کو اون کرتے ہیں لیکن بھارتی فوج وردی میں ہونے والی ہلاکتیں تسلیم نہیں کرتی، انہیں مرد بننے کی ضرورت ہے، لہٰذا بھارتی فوج مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہلاک فوجیوں کا بتایا کرے۔
جنرل راحیل شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اچھا کام کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ آج ہم نے 6 کلو میٹر تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل استعمال کیا جسے مغربی سائیڈ پر بھی استعمال کیا جاچکا ہے، ہم نے مغربی بارڈر پر جو حاصل کیا اسے ضائع نہیں کرسکتے۔ جب آرمی چیف سے سوال کیا گیا کہ آپ کے فریش رہنے کا راز کیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر اللہ کا خاص کرم اور مہربانی ہے۔