نفاق کا بیج بونے اور منفی سیاست کرنیوالے تنہا ہو چکے : شہباز شریف
سیف سٹیز پراجیکٹ پر قوم کے 12ارب خرچ ہو رہے ،ہر صورت مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ہیں:وزیر اعلیٰ
پولیس میں پروکیورمنٹ سیل کے قیام کی منظوری‘مینار پاکستان گراؤنڈمیں جلسے ، جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ لاہور (سپیشل رپورٹر،جنرل رپورٹر، ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے اتحاد اور اتفاق سے قوم ترقی اور خوشحالی کا سفر طے کرے گی،قوم کے اندرنفاق کا بیج بونے کی کوشش کرنے والے بعض سیاسی عناصر اپنی منفی سیاست کے باعث تنہا ہو چکے ہیں۔پاکستان آج اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھااورگزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران محنت سے منصوبوں کو آگے بڑھایا گیا ہے ۔ ارکان اسمبلی عرفان ڈوگراورافتخارحسین چھچھر سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک کو دھرنوں کی ضرورت ہے نہ منفی سیاست کی ،عوام نے اپنے اتحاد کی طاقت سے انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا ۔ادھر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روزپنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ کے ہیڈ کوارٹرز قربان لائنز میں تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا ہر پہلو سے تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیر اعلیٰ پراجیکٹ کے افتتاح کے ایک ماہ بعد قربان لائنز آئے ،انہوں نے سیف سٹیز پراجیکٹ کو ایشیا کا ایک سب سے بڑا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے پر غریب قوم کے 12 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور ہمیں ہر صورت منصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ہیں۔وزیراعلیٰ نے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی عمارت کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سول ورکس کا فوری طورپر تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب پولیس میں پروکیورمنٹ سیل کے قیام کے اقدام کی منظوری دی اور پروکیورمنٹ سیل کیلئے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی خدمات لی جائیں گی اس سیل کے ذریعے پولیس کیلئے مختلف آلات اورمشینری کی خریداری کے عمل کو مزید شفاف اورسہل بنانے میں مددملے گی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر محکمہ داخلہ نے گریٹر اقبال پارک کاحصہ ہونے کے ناطے مینار پاکستان میں جلسے اور جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا،قانون سازی کے لئے مسودہ تیار کر کے 24 نومبر کو شروع ہونیوالے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئیں۔یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں کیا گیا ،اجلاس میں محکمہ داخلہ پنجاب کو ہدایات کی گئی ہیں کہ مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں جلسے اور جلوس پر پابند ی لگانے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کے لیے قانونی مسودہ تیار کرکے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ سے بین الاقوامی کمپنی شیل کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا اصادہ ہارنیسوٹ نے ملاقات کی اور پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔