ڈونلڈٹرمپ کے ممکنہ وزرا کے بارے میں قیاس آرائی شروع ہوگئیں
واشنگٹن (آئی این پی) امریکی اخبارات کے مطابق اس وقت تک ملنے والی معلومات کے مطابق وزیر خارجہ کیلئے سینیٹر باب کورکر، وزیر دفاع کیلئے سینیٹر جیف سیشنز ، وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی کیلئے ڈیوڈ کلارک اور وزیر داخلہ کیلئے فاریسٹ لوکاس کا نام سامنے آیا ہے ۔ امریکی اخبارات نے ان کے علاوہ دیگر ممکنہ وزرا کے نام بھی شائع کرتے ہوئے کہا کہ ری پبلکن پارٹی نے ٹرمپ کے کامیاب ہونے کی صورت میں ان کی کابینہ کے ارکان سے متعلق مشاورت ایک ہفتہ پہلے ہی مکمل کر لی تھی ، پارٹی عہدیداروں کی نظر میں سب سے اہم قلم دان وزارت دفاع ہے ، اس وزارت کیلئے مضبوط ترین امیدوار الاباما سے سینیٹر جیف سیشنز ہیں، جو عراق جنگ کے حامی رہے ، وہ غیر قانونی تارکین کو شہریت دینے کے بھی سخت مخالف ہیں۔ وزارت خارجہ کیلئے ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر اور ٹرمپ کے پُرجوش حامی نیوٹ گنگرچ کا نام بھی زیر غور ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق ہوم لینڈ سیکیورٹی کی وزارت کیلئے مضبوط امیدوار ڈیوڈ کلارک بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ ملک میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والوں کی زیادہ تعداد سیاہ فام نہیں بلکہ سفید فام شہریوں کی ہے ۔ ان کا خیال ہے کہ امریکا کی بقا کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو آگے بڑھانا چاہیے ۔ ٹرمپ کی متوقع کابینہ میں نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی، نیو یارک کے سابق میئر روڈی گیلانی اور وائٹ ہائوس کے چیف آف اسٹاف کے لیے ری پبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین رائنس پریبس مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔