اسلام آباد میں گدھے کا گوشت برآمد – 25 من ضبط، غیر ملکی شہری زیرِ حراست

نیوز ڈیسک
اسلام آباد، پاکستان

اسلام آباد میں گدھے کا گوشت برآمد – 25 من ضبط، غیر ملکی شہری زیرِ حراست

لاہور کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی غیرقانونی طور پر گدھے کا گوشت فروخت کرنے کی سازش بے نقاب ہو گئی۔ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول کے علاقے میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 50 سے زائد گدھوں اور 25 من سے زیادہ گوشت برآمد کر لیا۔

ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق، کارروائی کے دوران موقع سے ایک غیر ملکی شہری کو بھی حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر مقدمے کے اندراج کا حکم دے دیا گیا ہے۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم برآمد شدہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد شدہ گوشت بیرونِ ملک بھیجا جا رہا تھا، تاہم یہ بھی جاننے کی کوشش جاری ہے کہ یہ گوشت مقامی سطح پر کن علاقوں میں سپلائی کیا جا چکا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کے مطابق تفتیش جاری ہے، اور ملوث نیٹ ورک کی مکمل چھان بین کے لیے ادارے کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ ڈاکٹر طاہرہ صدیق کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور حلال غذا کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ادارہ دن رات کوشاں ہے۔

وی او سی اردو کا تبصرہ:
گدھے کے گوشت جیسا جرم نہ صرف انسانی صحت سے کھلواڑ ہے بلکہ معاشرتی اقدار اور اسلامی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔ ایسی مذموم حرکتوں پر صرف قانونی گرفت ہی نہیں، بلکہ سماجی بائیکاٹ اور اخلاقی شعور کی بیداری بھی ضروری ہے۔ ریاست کو چاہیے کہ اس مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے تاکہ آئندہ کوئی عوام کے پیٹ میں زہر ڈالنے کی جسارت نہ کرے۔

وی او سی اردو
🌐 www.newsvoc.com
📲 واٹس ایپ چینل: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k

ڈسکلیمر:
یہ خبر ابتدائی معلومات، مقامی ذرائع یا سرکاری بیانات پر مبنی ہے۔ تفتیشی یا ادارتی پیشرفت کی بنیاد پر معلومات میں تبدیلی ممکن ہے۔
VOC/001/270725

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں