نو مئی مقدمات: ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10 سال قید، شاہ محمود قریشی سمیت چھ افراد بری

نیوز ڈیسک
لاہور، پاکستان

نو مئی مقدمات: ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10 سال قید، شاہ محمود قریشی سمیت چھ افراد بری

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف 9 مئی 2023 کے احتجاجی مظاہروں کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، افضال عظیم پاہٹ، خالد قیوم اور ریاض حسین کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

عدالت نے شیر پاؤ برج توڑ پھوڑ کیس میں شاہ محمود قریشی، رانا تنویر، حمزہ عظیم، افتخار احمد، زیاس خان اور اعتزاز کو بری کر دیا۔

یہ فیصلہ منگل کی دوپہر مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا تھا، جو رات 10 بجے سنایا گیا۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا، جس پر عدالتی عملے نے کئی گھنٹے کام کر کے فیصلہ تحریر کرایا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل برہان معظم نے کہا کہ عدالت نے پراسیکیوشن کے الزامات ثابت نہ ہونے کے باوجود سزا سنائی، جو کہ بقول ان کے، ایک سیاسی فیصلہ ہے۔ وکیل کے مطابق وہ اس فیصلے کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کریں گے کیونکہ عدالتی حکم میں کئی قانونی سقم موجود ہیں۔

یہ مقدمہ نمبر 97/238 کوٹ لکھپت جیل میں زیر سماعت رہا، جہاں تمام مجرمان دو سال سے قید میں تھے۔

یاد رہے کہ 9 مئی کے جناح ہاؤس، تھانہ شادمان اور مسلم لیگ ن کے دفتر پر حملوں سمیت دیگر اہم مقدمات بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جن میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نامزد ہے۔

قبل ازیں، منگل ہی کے روز سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل ہنگامہ آرائی کیس میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، ایم این اے احمد چھٹہ، بلال اعجاز سمیت 39 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔

سرگودھا میں چھ مقدمات کی سماعت جاری ہے، جن میں سے ایک کا فیصلہ سنایا جا چکا جبکہ باقی پانچ حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔

وی او سی اردو کا تبصرہ:
یہ سزائیں پاکستان کی حالیہ سیاسی تاریخ میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتی ہیں۔ جہاں ایک جانب قانونی عملداری کو تقویت ملتی دکھائی دے رہی ہے، وہیں دوسری طرف سیاسی انتقامی کارروائی کے خدشات بھی موجود ہیں۔ عدالتوں کی آزادی اور شفافیت اس وقت کڑی آزمائش میں ہے۔ انصاف کی فضا قائم رکھنا ریاستی اداروں کے لیے سب سے بڑا امتحان بنتا جا رہا ہے۔

وی او سی اردو
🌐 www.newsvoc.com
📲 واٹس ایپ چینل: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k

ڈسکلیمر:
یہ خبر ابتدائی معلومات، مقامی ذرائع یا سرکاری بیانات پر مبنی ہے۔ تفتیشی یا ادارتی پیشرفت کی بنیاد پر معلومات میں تبدیلی ممکن ہے۔

VOC/015/240725

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں