سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کریں گے ،فاروق ستار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرینگے ، پیپی وزراء کے گھپلوں کو عوام کے سامنے لائیں گے ،اس حوالے سے ہم بہت جلد ایک وائٹ پیپر لارہے ہیں، منتشر و منقسم ایم کیو ایم دراصل کراچی کے خلاف سازش ہے ۔ ایک ہی ایم کیو ایم ہے اور ایک ہی ایم کیو ایم رہے گی، وہ ہے ایم کیو ایم (پاکستان)،اس کا وہی منشور ہے اور وہی نصب العین ہے ، پاناما لیکس کے ساتھ ساتھ سندھ کی لیکس بھی سپریم کورٹ چیک کرے اور سندھ کی تجوری میں موجود سوراخوں کو بند کیا جائے ، ہم پاکستان بنا سکتے ہیں اور اگر بہت ضروری ہوا اور اس کے سوا کوئی چارہ نہ رہا تو ہم صوبہ بنانے کا بھی سوچ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم (پاکستان) کے زیر اہتمام اورنگی ٹاؤ ن میں منعقدہ خواتین کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک علاقے کی خواتین کا اتنی بڑی تعداد میں جمع ہونا ایم کیو ایم کی کامیابی اور اس کے اٹل ہونے کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جبر اور ہر قسم کے تشدد سے پاک ایک متحدہ قائم کریں گے اور عزت کے ساتھ جیئیں گے اور عزت کے ساتھ مریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کو مزار قائد کے سامنے قائد اعظمؒ کو گواہ بناکر تاریخی جلسے کی نئی رِیت ڈالیں گے ۔