ایڈیٹرکاانتخاب

متنازعہ خبر, تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ (ر) جج, اعلان کل وزیر اعظم کرینگے

وزیراعظم متنازعہ خبر کی جلد از جلد تحقیقات چاہتے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے ،یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے بچوں کا کھیل نہیں ‘ میڈیا‘ سیاستدان، تجزیہ کار قومی ذمہ داری کا ثبوت دیں:غیر رسمی گفتگو اسلام آباد (سیاسی رپورٹر، این این آئی)وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے منافی خبر کی تحقیقات ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیٹی کرے گی جس کے ارکان کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں ،کمیٹی انتظامی سطح کی ہوگی جو کسی کو بھی طلب کر سکے گی، وزیراعظم کل (پیر کے روز )کمیٹی کا باقاعدہ اعلان کریں گے ، کمیٹی میں ایسے لوگ شامل ہیں جن کے کردار، ایمانداری، شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، وزیراعظم متنازعہ خبر کی جلد از جلد تحقیقات چاہتے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے اور کسی کو قومی سلامتی کے متعلق خبر پر قیاس آرائیوں کا مزید موقع نہ مل سکے اور انتہائی اہم ، حساس ایشوپر سیاست کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے ۔ وزیر داخلہ نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا بہت احترام کرتا ہوں ، وہ پیپلز پارٹی کے ان اکابرین میں شامل ہیں جوجمہوریت، آئین اور قانون کی با لا دستی بارے بالکل واضح، دو ٹوک سوچ رکھتے ہیں مگر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں متنازعہ خبر کی انکوائری حکومت کی اعلان شدہ پالیسی کے تحت انتظامی کمیٹی کرے گی نہ کہ پارلیمنٹ۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری سینیٹر پرویز رشید کے خلاف نہیں بلکہ ایک جھوٹی خبر لیک ہونے کے معاملے پر ہو رہی ہے تاہم یہ کمیٹی پرویز رشید سمیت کسی کو بھی طلب کر سکتی ہے ، کمیٹی ارکان کے نام مشاورت کے بعد فائنل کر لیے گئے ہیں جو سینئر افسر ہیں ، حساس اداروں کے لوگ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پر امید ہوں کہ پیر کو کمیٹی کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گاتاکہ اس غلط خبر کے محرک کا تعین کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کچھ لوگو ں نے خبر پر جھوٹ، بہتان بازی کا بازار گرم کر رکھا ہے ، حکومت چاہتی ہے کہ اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے ملک کو ہیجان کی کیفیت سے نکالا جا سکے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میں اعادہ کرتا ہوں یہ معاملہ قومی سلامتی کے متعلق ہے کوئی بچوں کا کھیل نہیں ، میڈیا، سیاست دانوں، تجزیہ کاروں ہر ایک کو قومی ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے ، سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ کمیٹی کو آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف ماحول میں کام کرنے کا موقع دیا جائے ، جہاں تک حکومت کی نیت کا تعلق ہے کمیٹی ارکان کے ناموں سے ہی قوم کو اندازہ ہو جائے گا کہ ہم انتہائی شفاف، غیر جانبدارانہ، آزادانہ تحقیقات چاہتے ہیں، انشااللہ حقائق قوم کے سامنے لائیں گے ۔ متنازع خبر/کمیٹی

50% LikesVS
50% Dislikes

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button