اگر بھارت نے دوبارہ حماقت کی تو ہمارا جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

اگر بھارت نے دوبارہ حماقت کی تو ہمارا جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
25 مئی 2025
رپورٹ: بشیر باجوہ
اردو VOC — قومی ڈیسک
پاک فوج کے ترجمان اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کو دوٹوک اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور امن ہمارا پہلا انتخاب ہے، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو جواب پہلے سے زیادہ شدید اور بھرپور ہوگا۔
یہ بات انہوں نے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں نوجوانوں کو موجودہ علاقائی صورتحال، دفاعی حکمت عملی، اور بھارتی عزائم پر آگاہ کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا:
“بھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ وہ حملہ کرے گا اور پاکستان خاموش رہے گا، لیکن پوری قوم اور افواجِ پاکستان نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔”
انہوں نے انکشاف کیا کہ
“فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے فیصلہ کیا کہ بھارت کے 26 مقامات پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔”
انہوں نے بتایا کہ مظفرآباد میں بھارتی شیلنگ سے شہید ہونے والے سات سالہ ارتضیٰ کے غم کو پاکستان نے خاموشی سے نہیں سہا بلکہ اس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا جس سے یہ شیلنگ کی گئی تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ
“6 اور 7 مئی کو جن ہوائی اڈوں سے بھارتی طیارے اڑے، انہیں بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔ لیکن کیا ہم نے کسی سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا؟ نہیں، کیونکہ ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں۔”
انہوں نے بھارت کو براہِ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا:
“خطے میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے، اس کے پیچھے بھارت کا چہرہ ہے۔ دہشتگرد جو مساجد شہید کرتے ہیں، معصوموں کو ذبح کرتے ہیں، وہ اسلام اور پختون روایات کے نمائندے نہیں بلکہ ہندوستان کے آلہ کار ہیں۔”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے افغان حکومت کو بھی پیغام دیا:
“افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، لیکن ان کی اشرافیہ بھارتی پیسے سے خریدی جا رہی ہے۔ افغان بھائیوں سے اپیل ہے کہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں پناہ نہ دیں اور بھارت کا آلہ کار نہ بنیں۔”
اختتام پر ترجمان پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے عوام اور قبائل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
“آج دوبارہ وقت آ گیا ہے کہ ہم اعلان کریں: کشمیر بنے گا پاکستان!”
وی او سی اردو
Disclaimer:
This news is based on initial reports and is intended solely for public awareness. VOC Urdu is not responsible for the verification or denial of any legal claims or allegations.
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k