
👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada اردو
بین الاقوامی خبر
*پاکستان پروڈکٹس ہاؤس کا قیام: آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ’میڈ اِن گوجرانوالہ‘ مصنوعات کی مستقل نمائش کا منصوبہ*
تاریخ: 21 اپریل 2025
رپورٹ: بشیر باجوہ | VOC اردو
HEMS 2025 ہیلتھ کیئر اور انجینئرنگ ایکسپو میں گوجرانوالہ بزنس سینٹر نے بین الاقوامی سطح پر اہم تجارتی پیش رفت حاصل کر لی ہے۔ بزنس سینٹر نے آذربائیجان کے نمایاں کاروباری گروپ “قرہ باغ پاکستان” کے ساتھ مفاہمتی معاہدہ طے کر کے اعلان کیا ہے کہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں پاکستان پروڈکٹس ہاؤس قائم کیا جائے گا، جہاں ’’میڈ اِن گوجرانوالہ‘‘ مصنوعات کو سال بھر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ ایکسپو سینٹر لاہور میں چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون اور “قرہ باغ پاکستان” کے چیئرمین بیبک حسین کے درمیان طے پایا، جس کی تقریب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوو نے خصوصی شرکت کی۔ معاہدے کے تحت باکو میں قائم ہونے والا یہ ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر، پاکستان کا پہلا مستقل تجارتی نمائشی مرکز ہو گا، جو جی بی سی (گوجرانوالہ بزنس سینٹر) کے تعاون سے آذربائیجان سمیت وسطی ایشیائی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرائے گا۔
پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ کی مصنوعات نمائش کا حصہ بنیں گی، بعد ازاں سیالکوٹ، گجرات اور فیصل آباد کی صنعتوں کو بھی اس مرکز سے جوڑ دیا جائے گا۔ ڈسپلے سینٹر کے ساتھ ویئر ہاؤسنگ سہولیات بھی میسر ہوں گی، تاکہ پاکستانی ایکسپورٹرز اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں ذخیرہ کر سکیں اور منڈیوں تک تیز رفتار ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
اس موقع پر چیئرمین احمد اکرام لون نے کہا کہ “یہ دن گوجرانوالہ کی صنعتی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ہم آذربائیجان کو وسطی ایشیائی مارکیٹوں کے لیے ایک گیٹ وے کے طور پر استعمال کرنے جا رہے ہیں، اور اس کامیابی میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوو کا تعاون کلیدی رہا ہے۔”
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوو نے کہا کہ “پاکستانی مصنوعات کے لیے باکو میں پروڈکٹس ہاؤس کا قیام خوش آئند ہے۔ ہم ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ پاکستانی کاروباری ادارے ہمارے ملک میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر سکیں۔”
اس موقع پر ممتاز کاروباری شخصیات خالد منہاس، عمر محمود، سید واجد علی نقوی، چوہدری محسن، فصیح الرحمن، انس فاروقی، ڈاکٹر عثمان صابر، شاہد صدیق گِل و دیگر بھی موجود تھے۔
وی او سی اردو: تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
مزید خبروں کے لیے وزٹ کریں: www.newsvoc.com
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں: https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k
Disclaimer:
This news is based on initial reports and is intended solely for public awareness. VOC Urdu is not responsible for the verification or denial of any legal claims or allegations.