آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کا پہلا اورپاکستان کا دوسرا نمبر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ ریننگ جاری کردی جس کے مطابق رینکنگ میں بھارت کا پہلا اور پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بھارت بدستور پہلے اور پاکستان شارجہ کا ٹیسٹ جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر ہے۔ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا جب کہ بنگلا دیش سے ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے بعد 3 پوائنٹ گنوانے والی انگلینڈ کی ٹیم تاحال چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقا پانچویں، سری لنکا چھٹے، نیوزی لینڈ ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلا دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ کے بلے بازوں کی جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹیسٹ کے بہترین بلے بازوں میں آسٹریلیا کے اسٹیواسمتھ بدستور پہلے نمبر پرہیں جب کہ پاکستان کے مایہ ناز بلے باز یونس خان ان سے ایک درجہ نیچے دوسرے نمبر پرہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے ولیمز چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ پانچویں نمبر پر انگلینڈ کے جے رووٹ، بھارت کے رائنا چھٹے، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلئیر ساتویں، آسٹریلیا کے اے سی ووگز آٹھویں اور ان کے ہم وطن ڈیوڈ وارنر نویں جب کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی ٹیسٹ بلے بازوں میں 12 ویں جب کہ اسد شفیق نے بھی ایک درجہ ترقی پائی ہے اور وہ 13 نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی بولرز کی رینکنگ میں ٹیسٹ میچوں میں بہترین بولنگ کے باعث پہلی پوزیشن پر اب تک بھارت کے ایشون قابض ہیں۔ جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین دوسرے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تیسرے، سری لنکا کے ہرنگا ہیراتھ چوتھے جب کہ پاکستان کے یاسر شاہ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ چھٹے،بھارت کے جدیجا ساتویں، آسٹریلیا کے مچل اسٹارس آٹھویں، نیوزی لینڈ کے وارنر نویں اور جنوبی افریقہ کے فلینڈ ر دسویں نمبر پر ہیں۔