اسلام آباد بند کرنیکی دھمکی ملک دشمنی , پی ٹی آئی ناانصاف پارٹی بن گئی : شہباز شریف

پاکستان کے خلاف ناپاک سازش کی جارہی ہے ، ترقی کا عمل روکنے والوں کا عوام خود محاسبہ کریں گے ،ن لیگ کے وفد سے گفتگو
ہسپتالوں میں سزا اور جزا کا کڑا نظام ضروری ،مریضوں کو ان کے گھر پر ادویات کی فراہمی کے نئے نظام پر عملدر آمد کی منظوری لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے بجلی کے اندھیرے ہمیشہ کیلئے چھٹ جائیں گے ،سی پیک کے تحت سندھ، بلوچستان، کے پی کے ، پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں، گزشتہ پندرہ سولہ سال سے جاری لوڈشیڈنگ نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا تھا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت ،شفاف اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا ہے ، مخالفین ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے اتوار کو ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے دوسری طرف اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے کرپاکستان کے خلاف ناپاک سازش کی جارہی ہے ،دھمکی دینے والے پاکستان سے کھلی دشمنی کررہے ہیں ۔ شکست خوردہ سیاسی عناصر کے غیر جمہوری ہتھکنڈے پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکے ہیں ۔ تحریک انصاف اپنے نام کے برعکس نا انصاف پارٹی بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا ایک بڑا جرم اور پاکستان کے 20 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے ، ترقی کا عمل روکنے والوں کا عوام خود محاسبہ کریں گے ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت تعطیل کے روز بھی چارگھنٹے طویل اجلاس ہواجس میں صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر حال میں مکمل کروں گا، ہسپتالوں میں سزا اور جزا کا کڑا نظام ضروری ہے ،ڈاکٹروں،نرسوں ،پیرا میڈیکل سٹاف اوردیگر عملے کی اچھی کارکردگی پر بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی اوراس ضمن میں پنجاب حکومت ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے پرفارمنس ایوارڈ کا اجرا کرے گی۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کو ان کے گھر پر ادویات کی فراہمی کے نئے نظام پر عملدر آمد کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ ادویات کی خریداری ، سٹوریج اور ترسیل کا نیا فول پروف نظام لایا جا رہا ہے جس کے تحت مریضوں کو ادویات ان کی دہلیز پر ملیں گی۔ انہوں نے کہا تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں نجی شعبہ سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس لئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ 25 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور 15 تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا اتوار کے روز ہسپتالوں میں فارمیسی کھلی ہونی چاہیے اور سٹورکیپر بھی موجود ہوتا کہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔وزیر اعلیٰ نے حضرو کے قریب ہونیوالے حادثے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا۔انہوں نے حادثے میں شہید لیفٹیننٹ کرنل شاہد کے لواحقین سے ہمدردی اوراظہارتعزیت کیا اور زخمی میجر جلال کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔وزیراعلیٰ نے چنیوٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پربھی افسوس کا اظہار کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں