کامران ٹیسوری نے ڈمپر تلے کچلے افراد کے ورثا گورنر ہاؤس بلوالیے، پلاٹ دینے کا اعلان

👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada – اردو
کامران ٹیسوری نے ڈمپر تلے کچلے افراد کے ورثا گورنر ہاؤس بلوالیے، پلاٹ دینے کا اعلان
رپورٹ: بشیر باجوہ | وی او سی اردو | تاریخ: 6 اپریل 2025
کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپر تلے کچلے جانے والے افراد کے ورثا کو گورنر ہاؤس بلوالیا اور ان کے لیے پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
گورنر سندھ نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں نذر عباس کے گھر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جو معذور باپ ہے، اب یہ تین بچیوں کے تعلیم اور اخراجات کا کیسے گزر بسر کرے گا، یہ یوسف گوٹھ کا مکین نذر عباس اپنی اہلیہ کو ڈمپر تلے گنوا بیٹھا ہے۔”
انہوں نے سوال اٹھایا کہ "یہ تین معصوم بچیوں کا کیسے گزارا کرے گا؟ اس کا اپنا گھر بھی نہیں ہے، یہ اپنے بھائی کے چھوٹے سے کمرے میں تین بچیوں کے ساتھ رہتا ہے۔” کامران ٹیسوری نے کہا کہ انہوں نے نذر عباس کو اسمارٹ سٹی میں 80 گز کا پلاٹ دے دیا ہے۔
گورنر سندھ نے اس موقع پر تین بچیوں کی اگلے 12 سال تک تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں انگلش میڈیم اسکول میں تعلیم دی جائے گی جہاں سوئمنگ پول بھی ہوگا۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ "12 اپریل کو دوپہر 2 بجے اس شہر میں جتنے لوگ ڈمپر یا ٹینکر تلے کچلے گئے ہیں، ان کے لواحقین گورنر ہاؤس آئیں، میرے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھائیں، ان کے تمام کوائف لکھے جائیں گے، اور سب کو ایک ایک پلاٹ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔”
وی او سی اردو
تحقیقی، تجزیاتی اور غیر جانبدار صحافت کا معتبر پلیٹ فارم
—
"ہمارا مقصد عوامی خدمت، ترقی اور فلاح کا سفر!”