بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کا دہشت گرد حملہ، 6 خارجی دہشت گرد ہلاک

👇👇👇🇵🇰🤝🇨🇦
Voice of Canada
*بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کا دہشت گرد حملہ، 6 خارجی دہشت گرد ہلاک*
*گزشتہ روز افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش کی، اس دوران دہشت گردوں نے 2 بارود سے بھری گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں، سیکیورٹی ذرائع*
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آج افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش کی، اس دوران دہشت گردوں نے 2 بارود سے بھری گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنائی اور سیکیورٹی اہلکاروں نے 6 خارجی دہشت گردوں کو مختلف انٹری پوائنٹس پر ہلاک کیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے دیگر دہشت گردوں کو بھی محصور کرلیا ہے جب کہ بارود سے بھری گاڑیوں سے قریبی مسجد کو نقصان پہنچا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سینئر ضلعی پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ خود کش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری دو گاڑیاں بنوں چھاؤنی کے داخلی دروازے سے ٹکرا دیں جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر دھماکے ہوئے، جس کے بعد متعدد دہشت گردوں نے کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ترجمان نعمان خطاب کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اب تک اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
تاہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ضلع بنوں میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سینئر پولیس عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
https://whatsapp.com/channel/0029VaCmBaI84OmAfXL45G1k