پاکستان

’پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے کے لیے سیکیورٹی مزید سخت‘

اسلام آباد :خیبر پختونخوا سے بنی گالہ آنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں کو روکنے کے لیے پشاور موٹر وے اور گرینڈ ٹرنک روڈ پر سیکیورٹی مزید سخت کردی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ تک پہنچنے کے لیے کارکن تمام رکاوٹیں اور بیریئرز ہٹادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کچھ بھی ہوا، اگر ہمارے کسی کارکن کو ایک خراش بھی آئی تو ہم عدالت میں جائیں گے اور اس کے ذمہ دار وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز تمام کارکنوں سے کہا تھا کہ وہ تمام رکاوٹیں ہٹا کر بنی گالہ پہنچیں جس کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں کے پی کے سے کارکن اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں۔
ٹی وی فوٹیج کے مطابق گرینڈ ٹرنک روڈ کو کنٹینرز لگاکر بند کردیا گیا ہے جب کہ پولیس اور ایف کے اہلکار بھی تعینات ہیں جن کے پاس ڈنڈے اور آنسو گیس کی شیل موجود ہیں۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا سے آنے والے پی ٹی آئی کے قافلے میں دو کرینز بھی موجود ہیں جو راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کے لیے پشاور موٹر وے پر رکاوٹوں کی تین صفیں بنائی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ بنی گالہ کے قریب مری روڑ پر بھی پولیس نے ناکہ بندی کررکھی ہے تاکہ اسلام آباد میں موجود کارکن عمران خان کی رہائشگاہ تک نہ پہنچ سکیں۔
کارکنوں کے ساتھ عمران خان کے پش اپ
عمران خان نے بنی گالہ کے باہر موجود کارکنوں کا لہو گرمانے کے لیے کنٹینر پر چڑھ کر پش اپ بھی لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button