پرویز رشید خبر نہ رکوانے کے ذمہ دار ،حکومت اصل کرداروں کو ضرور پکڑے گی ،عمران خان جو بیج بو رہے ہیں اس سے وفاق کی بنیادیں ہل جائیں گی: چوہدری نثار علی خان
پرویز رشید خبر نہ رکوانے کے ذمہ دار ،حکومت اصل کرداروں کو ضرور پکڑے گی ،عمران خان جو بیج بو رہے ہیں اس سے وفاق کی بنیادیں ہل جائیں گی: چوہدری نثار علی خان
30 اکتوبر 2016 (16:39)
اسلام آباد
0
Previous
Next
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ قومی سلامتی سے متعلق خبر کس نے لیک کی اس کا ریکارڈ نہیں ملا، مگر پرویزرشید خبر نہ رکوانے کے ذمہ دار ہیں، جھوٹی خبر لیک کرنے والے اصل ذمہ داروں کو حکومت ضرور بے نقاب کرے گی ، پرویز رشید کا قصور یہ ہے کہ اُنہوں نے خبرنہیں رکوائی ، جلد ڈان نیوز کی خبر کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور کچھ مزید نام سامنے آئیں گے ۔میٹنگ میں تو وہ بات ہی نہیں ہوئی جو خبر بنی، ملٹری اور حکومت چاہتی ہے اصل کردار کو پکڑا جائے، مجھے یقین دہانی کرائی گئی تھی سرل باہر نہیں جائے گا، پھر کہا گیا وہ باہر گیا تو بلانے پر واپس آئے گا، سرل المیڈا وطن واپس نہ آئے تو قانونی کارروائی کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کاکہناتھاکہ خبر کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی بات ڈھکی چھپی نہیں، تمام معلومات پہلے وزیر اعظم نواز شریف پھر آرمی چیف جنرل راحیل سے شیئر کیں ، سول ملٹری تعلقات میں تناؤ سے متعلق قیاس آرائی کس نے سوچی اور کون اس کے پیچھے موجود ہے؟ جلد اس کردار تک پہنچ جائیں گے۔وفااقی وزیر نے بتایا کہ میں، اسحاق ڈار اور دیگر ملاقات کیلئے گئے، یہ میٹنگ کوئی ڈھکی چھپی یا چھپ چھپا کر نہیں کی، اپنی چیزیں آرمی چیف سے شیئر کیں جس سے جنرل راحیل شریف نے اتفاق کیا، ان سے میٹنگ ہمیشہ کی طرح خوشگوار تھی، سول ملٹری تعلقات میں تلخی کی خبر سراسر جھوٹ ہے، نان اسٹیٹ ایکٹرز کے حوالے سے ہمیشہ اتفاق رہا، میری بات کو صرف آئی ایس پی آر یا آرمی ہاؤس رد کرسکتا ہے، ہم کسی اعلیٰ عہدے کو نہیں اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کوخبر نہ رکوانے کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہا کہ وزیر اطلاعات کی حیثیت سے وہ اپنی ذمہ د اری ادا کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث انکو عہدے سے برطرف کیا گیا ہے ،ڈان اخبار کی خبر کے پیچھے جو بھی ذہن ہے ، جس نے جھوٹی خبردی ہے ، اسے سامنے لاناچاہیے ۔اُنہوں نے بتایاکہ حکومت اور عسکری قیادت دونوں چاہتے ہیں کہ جو بھی اس خبر کے پیچھے ہے ، اسے بے نقاب ہوناچاہیے کیونکہ یہ جھوٹی اور من گھڑت خبر ہے ۔ چوہدری نثار نے کہاکہ تین اکتوبر کو کوئی ایسی میٹنگ ہی نہیں ہوئی جس میں سیکریٹری خارجہ نے بریفنگ دی ہو۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے پرویز رشید کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد خیال کیا جارہاتھاکہ معاملہ ٹھنڈا ہوگیا لیکن چوہدری نثار نے ایک مرتبہ پھر اعلان کردیا کہ مزید نام بھی سامنے آجائیں گے جس کی وجہ سے کئی متعلقہ عہدیداروں کی پریشانی کی حد نہیں رہے گی ۔
اسلام آباد لاک ڈاؤن سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ حکومت نہیں ریاست کیخلاف جرم ہوگا، اس جرم پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے ، دھرنے کا دباؤ حکومت برداشت بھی کر پائے گی یا نہیں کچھ نہیں کہا جاسکتا، لیکن اس سے دنیا میں پاکستان ضرور بدنام ہوگا ، پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، ایٹمی ملک ہونے کی وجہ سے اس کی دشمن پر ایک رعب ہے، دارالحکومت بند ہونے سے یہ بات ہو گی کہ یہ کیسا ملک ہے کہ ایک جھتہ آتا ہے اور زور زبردستی سے دارالحکومت کو بند کروا دیا جاتا ہے، اس سے حکومت کی نہیں ملک کی بند نامی ہوگی۔عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ یہ جو بیج بوئے جا رہے ہیں اس سے وفاق کی بنیادیں ہل جائیں گی، ایک صوبے کو وفاق کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے، 10،15ہزار کاجتھہ دارالحکومت پرقبضہ کرکے اپنی بات نہیں منواسکتا، کیا کوئی صوبائی حکومت وفاق کے خلاف اعلان جنگ کرسکتی ہے؟ ۔