پاکستان

اے ایس آئی فرزانہ کیلئے انعام کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرے کے دوران مثالی پیشہ وارانہ رویے پر اسلام آباد پولیس کی اے ایس آئی فرزانہ کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کردیا۔

اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے پر چوہدری نثار نے اے ایس آئی فرزانہ کو تعریفی سند بھی دی۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے خاتون پولیس افسر کے مثالی پیشہ ورانہ رویے کی تعریف بھی کی۔
اے ایس آئی فرزانہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے زخمی ہوگئی تھیں، جس دوران مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے فرزانہ پر خاتون رکن پر تشدد کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں خاتون پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’یہ واقعہ 27 اکتوبر کی رات پیش آیا، جب میں نے دیکھا کہ ایک خاتون نے بڑا سا پتھر اٹھا رکھا ہے اور وہ ایک مرد پولیس اہلکار کو ٹارگٹ کرکے انھیں پتھر مارنے کی کوشش کر رہی تھیں، میں نے انھیں روکنے کی کوشش کی، جس کے ردعمل میں اس خاتون نے میرے چہرے اور گردن پر نوچا، جس سے نشان پڑ گئے۔‘
ان کا کہنا تھا ’اگر ان خاتون کو میرے ہاتھ سے کوئی چوٹ لگی ہے تو وہ مجھے دکھا سکتی ہیں، میں نے جو کچھ بھی کیا وہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لیے کیا۔‘
خاتون پولیس افسر کے مطابق ’اسلام آباد پولیس میں خواتین کو اس لیے بھرتی کیا جاتا ہے تاکہ وہ خواتین کو ڈیل کرسکیں، مجھے بہت افسوس ہے کہ میرے اس عمل کو پتھراؤ کا نام دیا گیا، لیکن اگر میں ایسا نہ کرتی تو وہ دوسرے اہلکاروں کو پتھر مار سکتی تھیں۔‘
بعد ازاں سماویہ طاہر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’مجھ پر ایک خاتون پولیس افسر پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا، لیکن میری ان کے ساتھ کسی قسم کی ذاتی دشمنی نہیں ہے، جو کچھ ہوا، وہ سب نے دیکھا اور میں نے اپنے بچاؤ میں یہ سب کیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے مجھے پتہ ہے کہ ایک خاتون کی کیا عزت ہے، عورت کوئی بھی ہو چاہے وہ کوئی پولیس افسر ہو یا ہم خود ہوں، ہم سب کو اپنے دوپٹے عزیز ہیں اور عزت سب کی برابر ہے۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button