فواد خان کی بھارتی فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز ہی انڈیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی اداکار فواد خان اور بھارتی فلم ساز کرن جو ہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز ہندوستانی باکس آفس میں 13کروڑ سے زیادہ کی کمائی کر لی ،پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران فواد خان کی یہ فلم انڈیا میں کافی تنازعات کا شکار رہی ،اس فلم میں فواد خان کے علاوہ ایشوریہ رائے بچن، رنبیر کپور اور انوشکا شرما نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔
بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز ہی کامیابی حاصل کر لی اور 13کروڑ 30لاکھ سے زیادہ کی کمائی کر کے آغاز میں ہی کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیا ہے ،واضح رہے کہ کرن جوہر کی اب تک کی ریلیز ہونے والی فلموں میں پہلے روز سب سے زیادہ کمائی کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے ۔دوسری طرف فاکس سٹار اسٹوڈیوز کے سی ای او وجے سنگھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ کی ریلیز بڑی پر جوش انداز میں ہوئی ہے اور شائقین نے بھی بے پناہ پذیرائی دے کر ہمارے حوصلوں کو بڑھا دیا ہے ۔دھرما پروڈکشنز کے سی ای او اپورو مہتا نے کہاکہ ’’اے دل ہے مشکل ‘‘کے لئے لوگوں کی محبت دیکھ کر حوصلہ افزائی ہوں،یہ دیوالی کی بہترین رومانٹک فلم ہے اور یہ صحیح وقت پر ریلیز ہوئی ہے۔