تحریک انصاف نے کارکنوں کی گرفتاریوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو درخواست کی سماعت کیلئے مقرر نہ کرنے کی استدعا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کو اسلام آبا د ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آبا دبند کرنے کے اعلان کے بعد گزشتہ رو ز اسلام آباد میں کارکنوں کو گرفتار کیے جانے کے اقدام کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے ۔
پی ٹی آئی نے درخواست وکیل نیا ز اللہ نیاز ی کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کی سماعت آج ہی کی جائے ۔درخواست میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سماعت کیلئے مقرر نہ کرنے کی استدعا بھی کی جائے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پولیس ، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کو 2نومبر کو اسلام آبا دمیں پر امن احتجاج کا ارادہ ہے جبکہ گزشتہ رات ای 11سے کارکنوں کو گرفتار کیا گیامگر یوتھ کنونشن کو آئینی تحفظ حاصل تھا ۔
یا د رہے گزشتہ روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد بند کرنے سے روکا تھا ۔