رانا بشارت علی خان: کشمیری اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی عالمی برادری کی ناکامی ہے
رانا بشارت علی خان: کشمیری اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی عالمی برادری کی ناکامی ہے
جنیوا، سوئٹزرلینڈ – انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی چیئرمین و بانی رانا بشارت علی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام نے اپنی آزادی اور حقوق کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اور یہ ضروری ہے کہ عالمی برادری ان مظلوم عوام کی حالت زار کا فوری نوٹس لے۔
رانا بشارت علی خان نے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی جیلوں میں بگڑتی صحت اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، اور دیگر رہنما اپنے جائز حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ ان رہنماؤں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جیلوں میں گزارا ہے۔ ان پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلط گورنر کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ کشمیری عوام استصواب رائے کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور یہ تحریک اپنی منزل تک پہنچے گی۔
رانا بشارت علی خان نے فلسطین کے موجودہ حالات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران 16 ہزار سے زائد بچوں سمیت 42 ہزار کے قریب فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں، جن میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسرائیلی مظالم انسانیت کے خلاف جرائم ہیں اور ان کا نوٹس لینا ضروری ہے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی تمام انصاف پسند افراد کی ترجیح ہونی چاہیے۔
رانا بشارت علی خان نے امت مسلمہ کو متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت یہود و ہنود کے مظالم کے خلاف اجتماعی طور پر اٹھ کھڑے ہونے کا ہے۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ تمام مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔