اسلام آباد میں پولیس کا تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر دھاوا ،خواتین ورکرز سے بھی بد سلوکی ، لاٹھی چارج کے بعد درجنوں ’’جنونی ‘‘ گرفتار ، گرفتاریوں سے مسلم لیگ نون کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا :شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کے ایف الیون میں تحریک انصاف کے جاری یوتھ کنونشن پر پولیس نے دھاوا بول کر درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد کے ایف الیون میں تحریک انصاف کے جاری یوتھ کنونشن پر پولیس نے دھاوا بول کر درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہ، اس موقع پر پولیس کی جانب سے خواتین کارکنوں سے بدسلوکی اور ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی ،پولیس کا کہنا ہے کہ شرکاءنے دفعہ 144کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئےتحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج مسلم لیگ (ن) کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیا، جبکہ جج صاحبان آئیں اور دیکھیں کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کیا کر رہی ہے؟ انہوں نے خواتین سمیت سینکڑوں کارکنان کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے خواتین کارکنوں پر تشدد کیا اور لاٹھیاں برسائیں، آئین پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے اور پولیس بتائے کہ نہتی خواتین پر ہاتھ کیوں اٹھایا جارہا ہے؟
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے یوتھ کنونشن کو روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے،ہمارا فنکشن چار دیواری کے اندر تھا جس پر دفعہ144لاگو نہیں ہوتی ،حکمران اپنا اصلی چہرہ دکھا رہے ہیں،پرامن احتجاج ہمارا حق ہے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا،ہمیں پر امن یوتھ کنونشن سے کیوں روکا جارہا ہے،ہم کھڑے ہیں ہمیں گرفتار کروبچوں کو ہاتھ مت لگاو۔
تحریک انصاف کی قیادت باہر ہو یا اندر ہو احتجاج جاری رہے گا،ہمارے ہاتھ میں ڈنڈا نہیں ہے کارکنوں پر تشدد کیوں کیا گیا ہے؟ آئی جی اسلام آباد فوری طور پر یہاں آکر ہم سے بات کریں ، ہماری بہنوں بیٹیوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں، ہمیں بتایا جائے کس کے حکم پر خواتین کارکنوں پر تشدد کیا گیا ؟ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
تحریک انصاف کے رہنماءاسد عمر نے کہا ہے کہ تشدد کے بعد صرف وزیراعظم نہیں پوری حکومت خطرے میں آگئی ہے، حکومت گھبرائی ہوئی ہے یہ جتنا تشدد کریں گے اتنی بڑی تعداد میں عوام پہنچیں گے۔بعد ازاں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر آئی جی اسلام آباد سے ملاقات کے لیے اپنی گاڑی میں روانہ ہوگئے، جبکہ پولیس نے کنونشن کی جگہ کو سیل کردیاہے ۔ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے ،تحریک انصاف نے یوتھ کنونشن کے لئے انتظامیہ سے اجازت نہیں لی