عمران خان سمیت دیگر قیدیوں سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آنے والوں کی نگرانی کیلئے نیا سسٹم نصب*
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والوں کی مانیٹرنگ کے لیے نیا ’وائی فائی انٹیگریٹڈ سسٹم‘ نصب کردیا گیا۔
نئے وائی فائی انٹیگریٹڈ سسٹم کے ساتھ بائیو میٹرک ویری فکیشن ڈیوائس بھی نصب کی گئی ہے، نئے سسٹم کی تنصیب کے بعد قومی شناختی کارڈ کے بغیر جیل میں داخلہ بند کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نیا سسٹم 3 مرکزی دروازوں سمیت جیل ڈیوڑھی میں نصب کیا گیا، نئے سسٹم میں بار کوڈ اسکیننگ، وائی فائی ڈیوائسسز اور جدید ٹیب شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نیا نظام نادرا اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سسٹم سے منسلک ہے، نئے سسٹم سے جیل میں آنے والوں کے قومی شناختی کارڈ کی اسکیننگ پر تمام تفصیلات ظاہر ہو جائیں گی۔
نئے نظام کے تحت آئی ڈی کارڈ اسکیننگ مکمل نہ ہونے پر کسی کو جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو بھی اسی سیکیورٹی نظام سے گزارا جائے گا۔
*