نگراں وزیر اعظم ناصر الملک ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے
*کراچی…نگراں وزیر اعظم ناصر الملک ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ گورنر سندھ محمد زبیر اور نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن سے ملاقات, امن و امان، الیکشن تیاریوں اور سیکیورٹی پلان سمیت اہم امور پر گفتگو۔*
ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔کراچی آمد پر نگراں وزیر اعظم نے ٹریفک سگنل کی پابندی کی۔ کراچی کے علاقے اسٹار گیٹ سگنل پر وزیر اعظم کا قافلہ ٹریفک سگنل بند ہونے کے باعث رکا رہا۔ نگران وزیر اعظم نے ایئر پورٹ سے مزار قائد تک معمول کے ٹریفک میں سفر طے کیا۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد نگراں وزیر اعظم ناصر الملک نے گورنر سندھ محمد زبیر اور نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امن و امان، الیکشن تیاریوں اور سیکیورٹی پلان سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات کے موقع پر امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کروانا ہے۔ شفاف انتخابات کے لیے اداروں میں باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔