چیئر مین نادرامستعفی ہوں:سیاسی رہنماﺅں کی رائے
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ نادرا کی جانب سے ڈیٹا لیک ہونے کے عمل سے شکوک شبہات پیدا ہوئے ہیں ۔ اس اقدام پر چیئرمین نادرا کو مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ اثاثے ظاہر کرنے کا قانون صرف سیاستدانوں کیلئے نہیں ہونا چاہئے بلکہ ریاست کے تمام طبقات کواس کاپابند بنایاجائے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان پرذاتیات کے حملے کرنیوالے کم ظرفی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔آج مجھے اپنے والد کے افتخار چودھری کی بحالی کیلئے دھوپ میں کھڑاہونے پر شرمندگی ہے ۔ قوم جانتی ہے کہ کون کیا ہے ۔ افتخار چودھری جیسے لو گ ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں اور یہ سب کچھ ختم ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایسی حرکتوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا بلکہ مزید لو گ ان کے ساتھ مل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام طبقات کے اثاثوں کا پتہ ہونا چاہئے کہ وہ کہاں سے آئے ہیں؟شبلی فراز نے کہا کہ بہت زیادہ حلقوں سے عمران خان کے الیکشن لڑنے کی ڈیمانڈ کی جارہی تھی اس لئے ان کے 5حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے پڑے ۔انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے ڈیٹا لیک کئے جانے پر چیئر مین نادرا کو مستعفی ہوجانا چاہئے کیونکہ الیکشن سے قبل ایسے اقدامات سے شکوک شبہات پیدا ہوتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماسینٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بلاول نے کاغذات نامزدگی میں اپنی پراپرٹی کی وہ قیمت ظاہرکی ہے جو اس وقت تھی جب وہ خرید ی گئی ۔ اس حوالے سے آئین میں قانون موجود ہے ۔بلاول بھٹوزرداری نے اپنی تمام جائیداد کی تفصیل لکھی ہے لیکن ان کےخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو بدنام کرنے کیلئے ان کی دوہری شہریت ظاہر کی گئی جس پر ان کو سوشل میڈیا پر آکر اپنے شہریت ختم کرنے کے سرٹیفکیٹ دکھانا پڑے ۔ انہوں نے کہ اثاثوں کے حوالے سے صرف سیاستدانوں کوٹارگٹ کیا جارہاہے جو نامناسب ہے اس لئے یہ قانون تمام اداروں پر لاگو ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جب بڑے لیڈر مختلف حلقوں سے الیکشن لڑتے ہیں تو اس سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ ارد گرد کے حلقوں میں انتخابی مہم میں بہتری آتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے مخالف پر اعتراضات کرکے کم ظرفی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ یہ حلقہ کے عوام کا کام ہے جس کو جی چاہیں منتخب کریں۔انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے ڈیٹا لیک ہونے پر چیئر مین نادرا کو مستعفی ہونا جاناچاہئے ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ تمام اداروں میں کام کرنیوالوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے کا پابندبنانا چاہئے ۔یہ صرف سیاستدانوں کے لئے نہیں ہوناچاہئے بلکہ سب کے لئے یہ قانون موجودہوناچاہئے اور جو اثاثے ظاہر نہ کرے اس کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں عمران خان کے مقابلے میں شاہدخاقان عباسی بھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے ۔انہوں نے دو سیٹوں سے کاغدات نامزدگی جمع کروائے ہیں اوردونوں حلقوں سے ہی الیکشن جیتیں گے ۔چیئر مین نادرا کو تبدیل کئے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بات کی جانچ پڑتال ہونی چاہئے کن افسران کی وجہ سے یہ ڈیٹا لیک ہوا ؟اگر اس میں چیئر مین نادرا کا کوئی کردار ہے تو پھر ان کومستعفی ہونے کا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔