میرا مشن پاکستان کے 10کروڑ عوام کو غربت سے نکالنا ہے ۔ عمران خان
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ میرا مشن پاکستان کے 10کروڑ عوام کو غربت سے نکالنا ہے ۔ وزیر اعظم بن جانا بڑی بات نہیں بلکہ بڑی بات یہ ہے کہ کیسے اپنے ارادوں کو پورا کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب میں کوئی ارادہ کر لیتا ہوں تو پھر کشتیاں جلا دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوامیں تحریک انصاف کی کارکردگی اور مستقبل میں پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کی صورت میں عمران خان کے ارادوں کے اظہار کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ڈالی گئی پی ٹی آئی کی ویڈیوز میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں پچھلے 30سالوں میں دو سیاسی پارٹیاں اقتدار میں رہی ہیں۔ میں ان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ ہماری کے پی کے کی حکومت کی چار سالہ کارکردگی کے ساتھ اپنے 30سالوں کا موازنہ کریں اور ثابت کریں کے ہم چار سالوں میں جو تبدیلیاں لیکر آئے ہیں اس کے مقابلے میں انہوں نے اپنے ادوار میں کیا ترقی کی ۔انہوں نے کہاکہ میں نو سال کا تھا جب میں نے فیصلہ کیا کہ میں پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلوں گا اس کے بعد میں نے کبھی یہ نہیں سمجھا کہ میں کبھی کامیاب نہیں ہونگا ۔قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت میں بڑا جدوجہد کا م تھا لیکن جب میں قومی ٹیم میں شامل ہوا تو مجھے وہاں سے نکال دیا گیا اور میرامذاق اڑایا گیا لیکن اس کے باوجود میری خواہشات کم ہونے کی بجائے بڑھتی گئیں ۔ میں پہلے پاکستان کا بہترین آل راﺅنڈر اور پھر دنیا کا بہترین آل راﺅنڈربننا چاہتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کاشعر ”ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں“کامیابی کا راز ہے ۔جب ایک منزل پر پہنچتے ہیں تو پھر رک نہیں جاتے پھر آپ کو ایک کے بعد دوسرے چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ انسان جتنی محنت کرتا ہے اس میں مزید ہمت پیدا ہو جاتی ہے پھریہ ہوتا ہے کہ ہار آپ کو شکست نہیں دے سکتی ۔انہوں نے کہا کہ رہنما وہ بنتاہے جوکھڑا ہوجاتا ہے ۔ مار کھاتا ہے جس سے اس میں قوت برداشت پیدا ہو جاتی ہے اور وہ تگڑا ہوجاتا ہے ۔جب آپ ایک چیلنج کا سامنا کر لیتے ہیں تو پھر بڑے چیلنج کیلئے تیار ہو جاتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ کے پی کے میں ایک شفاف اور ایماندار حکومت بنانا میری خواہش تھی ۔ایسی حکومت جس میں اداروں کو مضبوط کیا جائے اور قوم پر پیسہ خرچ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تیسری دنیا میں کرپش کا سب سے بڑ ا طریقہ میگا پراجیکٹ ہے ۔ میگا پراجیکٹ کا مطلب ہے میگا کرپشن،یہ اس لئے بنائے جاتے ہیں کہ ان میں پیسہ بڑی آسانی سے بن جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں جب گراﺅنڈ میں آتا تو کبھی نہیں سوچتا تھا کہ اگر میں ہار گیا تو پھرکیا ہوگا بلکہ میں ہمیشہ یہ سوچتا تھا کہ اگر میں جیت گیا تو کیاہوگا ؟انہوں نے کہا کہ مجھ کو خوشی اس بات کی ہے کہ ہم درست راستے پر آگئے ہیں اور عوام کو احساس ہو گیا ہے ۔اس ملک میں ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے کہ ہم مقروض قوم بن گئے ہیں اور ہمارے پاس ملک چلانے کیلئے پیسہ ہی نہیں ہے ۔ اگر ہم نے لوگوں کو یہ احساس دلوا دیا کہ جو ٹیکس وہ دیں گے ۔وہ ان کی بہتری کیلئے خرچ ہوگا تو پھر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔عمران خان نے کہا کہ میرا للہ پر ایمان ہے ، ہماری کوشش نیک لوگوں کے راستے پر چلنا ہے کامیابی تو اللہ تعالیٰ نے دینی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب میں فیصلہ کر لیتا ہوںتو پھرمیں کشتیاں جلا دیتا ہوں پھر میری واپسی نہیں ہوتی اور میں سوچتا ہو ں کے اب جب تک میں زندہ ہوں یہ کروں گا ۔انہوں نے کہ اس سے انسا ن کے اندر وہ طاقت نکلتی ہے جس کا اس کو خود بھی اندازہ نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بن جانا کوئی بڑی بات نہیں ہے یہ ایک چھوٹی سی چیز ہے ۔ بڑی چیز یہ کہ کس طرح اپنے ارادوں کو پورا کرنا ہے ۔ میرا مشن ہے کہ میں نے اپنے 10کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے ۔