لاہور (نیوز وی او سی آن لائن)نگران وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے آج لاہور میں سکھوں کے مقدس مقام گوردوارہ ڈیرہ صاحب کا دورہ کیا اور سکھوں کے پانچویں گورو ارجن دیو سنگھ کے یوم شہادت کے سلسلے میں’ اکھنڈ پاٹھ ‘کے لئے آنے والے یاتریوں سے ملاقات کی، وزیر اطلاعات نے گوردوارے کے مختلف حصوں کا دورہ کرکے یاتریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
متروکہ وقف املاک کی طرف سے گوردوارے کے کیئر ٹیکر اظہر عباس اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان نے وزیر اطلاعات کوگوردوارے کے تاریخی پس منظر پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیرنے اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ سکھ یاتریوں اور گرنتھی صاحبان نے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے انتظامات پرمکمل اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں نے صوبائی وزیر کی آمد پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ احمد وقاص ریاض نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کوبھی اکثریت کے برابر مواقع دستیاب ہیں۔ سکھ یاتریوں کی بہتری اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کی طرف گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قائم ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا۔ ڈیوٹی پر موجود میڈیکل آفیسر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ تین روز سے جاری پوجا کے دوران 642 یاتریوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔ نگران وزیر اطلاعات نے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار سکیورٹی کے تمام طے شدہ پیرامیٹرز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔