پاکستان

کورٹس میں مقدمات کا بوجھ کم کرنے کیلئے یہ کام کیا جائے گا “علامہ خادم حسین رضوی

لاہور(نیوز وی او سی آن لائن ) تحریک لبیک یارسول اللہ پاکستان نے اپنے 20 نکاتی انتخابی منشور برائے الیکشن 2018ءکا اعلان کر دیا ہے۔ منشور کا اعلان تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ حافظ خادم حسین رضوی نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کے مطابق آئین پاکستان اور تمام قوانین کو شریعت کے مطابق ڈھالا جائے گا، کورٹس میں مقدمات کا بوجھ کم کرنے کیلئے مقامی پنچائتی نظام قائم کیا جائے گا۔ اسلام دشمن قوتوں کی دینی امور، سیاست، معیشت، تعلیم، نظام معاشرت اور تمام اداروں و شعبہ جات میں مداخلت ختم کر دی جائے گی۔ عالمی اسلامی بلاک بنایا جائیگا۔ لوگوں کی تمام بنیادی ضرورتوں کو نظام زکوٰة، عشر و خراج و جزیہ اور دیگر ذرائع سے پورا کرنا ریاست کی قانونی ذمہ داری ہو گی۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عنوان سے ایک وزارت قائم کی جائے گی۔ خانقاہوں میں فری لنگر کا قیام کر کے اعلیٰ دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کا نظام قائم کیا جائے گا۔
صنعت و تجارت کی تمام انواع و اقسام کی پوری قوم کو تربیت دی جائے گی۔ معاشی خوشحالی کیلئے کاشتکاروں کو جدید نظام زراعت کی تعلیم دی جائے گی۔ فوجی و سول حکام کیلئے عصری تعلیم کے ساتھ بنیادی دینی تعلیم لازم کر دی جائے گی۔ شہروں، آبادیوں اور سڑکوں کا لیول مقرر کیا جائے گا۔ نکاس کے نظام کا قانون بنایا جائے گا۔ راستوں اور گلیوں کی چوڑائی کاقانون بنایا جائے گا۔ اسلامی حدود و تعذیرات کے ذریعے جرائم کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ کشمیر کی آزادی اور کالا باغ ڈیم اور دیگر پانی کے ذخائر تعمیر کر نے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ خواتین کو میراث میں ان کا حصہ قانوناً دلایا جائے گا۔ میٹرک تک دینی اور عصری علوم و فنون کی تعلیم لازم ہو گی۔
موبائل فری ڈسپنسریوں کے ذریعے لوگوں کے دروازے پر علاج کی سہولتوں کو پہنچایا جائے گا۔ احتساب کا نظام قائم کیا جائے گا۔ ویلفیئر کا سرکاری اور غیرسرکاری سطح پر شفاف نظام قائم کر کے عوام کو شاندار ریلیف دیا جائے گا۔ میڈیا کو دینی، ملکی و ملی مسائل کا حل پیش کرنے اور لوگوں کی شاندار فکری و عملی و اخلاقی تربیت کا پابند بنا دیا جائے گا۔ خارجہ امور اور اقوام عالم کے ساتھ تجارت کیلئے شریعت اسلامیہ کی روشنی میں قانون سازی کی جائے گی۔ اصول دین میں دینی اختلافات ختم کرنے کیلئے حکومت اہم کردار ادا کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button