تحریک انصاف کے اہم رہنما علی محمدخان پارٹی ٹکٹ کیلئے نظر انداز ، سٹیٹس کو کی کارستانی قراردیدیا
مردان (نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنمااور الیکشن 2013 میں مردان سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے والے علی محمد خان کو 25 جولائی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ نہیں دیاگیا جس کو انہوں نے پی ٹی آئی میں موجود سٹیٹس کو اور نیب زدگان کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ اپنے قائد عمران خان پر بھروسہ رکھتے ہیں اورامیدہے کہ عمران خان اپنے کارکن کونظر انداز نہیں کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے نیشنل اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لئے اپنے پارٹی امیدواروں کو ٹکٹس جاری کر دیئے ہیں اور جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں ان کی مکمل لسٹ بھی پارٹی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر آویزاں کر دی گئی ہے ،حیران کن طور پر تحریک انصاف کی طرف سے نیشنل اسمبلی کے امیدواروں کی جو لسٹ جاری کی گئی ہے اس میں حالیہ این اے 20 اور 2013 کے انتخابات میں این اے 10 کہلانے والے حلقے سے منتخب ہونے والے اور گذشتہ پانچ سال قومی اسمبلی اور میڈیا میں انتہائی متحرک کردار اداکرنے والے علی محمد خان کو ٹکٹ ہی جاری نہیں کیا ،علی محمد خان کو ٹکٹ نہ ملنے کی اصل وجوہات تو سامنے نہیں آ سکیں تاہم تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر اہم پارٹی رہنما رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ تحریک انصاف میں موجود سٹیٹس کو مردان ، پشاور ، نوشہرہ اور مرکز میں میر ے خلاف ہے لیکن میں اپنے قائد عمران خان پر بھروسہ کرتاہوں جواپنے کارکن کو نظر انداز نہیں کریں گے ۔ اپنے ٹویٹ میں علی محمد خان نے کہا کہ میں لوٹوں اور نیب زدگان کے خلاف ہوں اور ہمیشہ حق کیلئے کھڑا ہوا ہوں اور میرٹ اور شفافیت کامطالبہ کیا ہے جو حاسدوں کوناگوار گزرتا ہے ۔ اس حوالے سے چند روز قبل ہی قومی اخبارات میں خبریں آرہی تھیں کہ علی محمد خان کو تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ نہیں دیا جائے گا جس کی علی محمد خان نے ایک ٹی وی ٹاک شوزمیں تصدیق بھی کی تھی ۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے این اے 20 ون سے علی محمد خان کی جگہ مجاہد علی کو ٹکٹ جاری کیا ہے ۔