ریحام کو ہتک عزت کا نوٹس
ریحام خان کی آنے والی کتاب میں وسیم اکرم، ذوالفقار بخاری، اعجاز رحمان اور انیلہ خواجہ کے بارے میں گمراہ کن، گھٹیا، بیہودہ اور بے بنیاد باتیں لکھی گئیں،ان باتوں سے ہمارے کلائنٹس کو صدمہ پہنچا اور ان کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، چاروں شخصیات کے وکلا نے ریحام خان کو برطانیہ میں ہتک عزت کا نوٹس بھجوادیا۔
ریحام خان کی کتاب ابھی شائع نہیں ہوئی لیکن اس کتاب نے مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی نیا پنڈورا بکس کھول دیا ہے،کتاب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی نجی زندگی کے بارے میں بھی کئی الزامات لگائے گئے ہیں۔کتاب کے صفحہ چار سو دو اور صفحہ نمبر پانچ سو بہتر میں وسیم اکرم اور ان کی مرحومہ اہلیہ کے بارے میں الزامات کی بھرمار سامنے آئی ہے۔کتاب میں ریحام خان نے اپنے سابقہ شوہر اعجاز رحمان پر شادی کے بعد مسلسل بارہ برس تک تشدد کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ شادی کی ناکامی کا ذمے دار بھی اعجاز رحمان کو ٹہرایا گیا ہے۔کتاب کے صفحہ نمبر چار سو چونسٹھ اور پانچ سو انتالیس میں عمران خان کے قریبی ساتھی ذوالفقار بخاری کے حوالے سے بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں، کتاب میں شامل ان قتباسات کے بعد وسیم اکرم، اعجاز رحمان، ذوالفقار بخاری اور ایک خاتون کی جانب سے ریحام خان کو برطانیہ میں ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔برطانیہ میں قانونی فرم کی جانب سے بھجوائے گئے اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریحام خان کی آنے والی کتاب میں ان کے کلائنٹس وسیم اکرم، ذوالفقار بخاری اور اعجاز رحمان کے بارے میں جھوٹی،گمراہ کن، بے ہودہ اور بے بنیاد باتیں لکھی گئیں،ان باتوں سے ہمارے کلائنٹس کو صدمہ پہنچا اور ان کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کتاب میں ان کے کلائنٹس کے نام لے کر ان پر کیچڑ اچھالی گئی جس سے معاشرے میں ان کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ لاحق ہوگیا ہے۔