امیدواروں کا فیصلہ میرٹ اور وفاداری پرہو گا، نواز شریف
سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہاہےکہ پارٹی امیدواروں کافیصلہ مکمل میرٹ اورپارٹی وفاداری کی بنیاد پر ہو گااور انتخابات میں ایک منٹ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، سائرہ تارڑ، رانا تنویر، مریم اورنگزیب، ثنااللہ زہری، مشاہد حسین سید، عابد شیر علی، برجیس طاہر، ملک پرویز اور امیر مقام سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی ۔
اجلاس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے کاغذات نامزدگی میں متفقہ ترامیم کیں۔پارلیمنٹ کے قانون کو سنگل بنچ کیسے مسترد کر سکتا ہےجبکہ یہ آئین اور قانون کو نہ ماننے والی بات ہےاور الیکشن مؤخر کرانے کے حربے اختیار کیے جا رہے ہیںتاہم ہم الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات میں تاخیر کے امکانات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی ٹکٹ پارٹی سے مخلص اور وفادار لوگوں کو دیئے جائیں گےجبکہ پارلیمانی بورڈ ٹکٹس دینےکےحوالے سے پیر سے باضابطہ کام شروع کرے گاتاہم اس حوالے سے امیدواروں کے متعلق ڈویژنل کمیٹیوں کی رپورٹیں بھی حاصل کی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کو ٹکٹ لینے کے لیے 2 ہزار 475 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ پارلیمانی بورڈ 10 جون تک اپنی سفارشات مکمل کر لے گا اور ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
اجلاس میں شہباز شریف نے نواز شریف کی ہر بات کی مکمل تائید کی جب کہ اس موقع پر نوازشریف نےکہا کہ پارٹی ٹکٹ صرف پارٹی کے وفاداروں کو ملے گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ الیکشن مؤخر کرانے کے حربے اختیار کیے جارہے ہیں، الیکشن کمیشن ایک طرف اعلان کرتا ہے الیکشن بر وقت ہوں گےاور دوسری طرف کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک رہا ہے، اس صورتحال میں الیکشن کیسے بروقت ہوں گے جبکہ الیکشن بروقت نہ ہونے سے ریاست پاکستان کو نقصان پہنچے گا اور علاقائی آوازیں بھی اٹھیں گی۔
نواز شریف نے کہا کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گےجبکہ قبل از وقت الیکشن چاہنے والی جماعت اب راہ فرار اختیار کررہی ہےاور یہ سیاسی جماعت اپنے اقدامات سے الیکشن مؤخر کرانے کی حمایت کر رہی ہےتاہم انہیں اندازہ ہو چکا کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی جیتے گی۔
دوسری جانب اجلاس میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پارٹی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے، موجودہ شیڈول کے بعد عوامی رابطہ مہم عید الفطر کے بعد شروع کی جائے گی جبکہ اجلاس میں پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ انتخابات میں تاخیر کرنے یا کروانے والوں کا ڈٹ کر محاسبہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ان کا حساب ووٹر خود کر لیں گےجبکہ پوری جماعت کا صرف ایک بیانیہ ہےکہ ’ووٹ کو عزت دو‘۔
ن لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مریم اورنگزیب کو پارٹی ترجمان مقررکردیاجبکہ پارلیمانی بورڈ کا دوسرا اجلاس پیر کودوبارہ ہو گا ۔