جمہوریت میں نئی تاریخ رقم ، پہلی مرتبہ دوسر ی حکومت آئینی مدت پوری کرکے ختم ، قومی اسمبلی تحلیل
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن)وفاقی حکومت اور قومی اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرکے اختتام پذیر ہو گئی ہے،ملکی تاریخ میں یہ دوسری منتخب جمہوری حکومت ہے جس نے اپنی آئینی مدت پوری کی ہے،اس سے قبل پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2013 میں اپنی 5 سال کی آئینی مدت پوری کی تھی ،قومی اسمبلی تحلیل ہوتے ساتھ ہی شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ سے سبکدوش جبکہ وفاقی کابینہ بھی ختم ہو گئی ہے ،وزارت پارلیمانی امور نے 31 مئی 2018 کی رات بارہ بجے 14ویں قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے ،حکومتی مدت پوری ہونے کے ساتھ ہی پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل ہو گئی ہیں جبکہ کے پی کے اور سندھ کی صوبائی اسمبلیاں اس سے قبل ہی تحلیل ہوچکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت تحلیل ہو گئی ہے اور وزارت پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی کےتحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت جاری کر دیا ہے جبکہ نوٹی فکیشن کی کاپیاں وزیر اعظم آفس، ایوان صدر، چاروں صوبوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان، قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھیج دی گئی ہیں۔حکومتی مدت پوری ہونے کے بعد نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک آج 11بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے اور وہ 25 جولائی کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات تک اپنی ذمہ دارایاں ادا کریں گےجبکہ صوبو ں کے وزرائے اعلیٰ نگران وزراۓ اعلیٰ کے تقرر تک اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے،سندھ میں نگران وزیر اعلیٰ کے لئے سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمان کو نامزد کر دیا گیا ہے جبکہ پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر ڈیڈ لاک برقرار ہے ،تحریک انصاف نے ڈاکٹر حسن عسکری اور سابق آئی جی کے پی کے ناصر درانی کے نام دیئے ہیں جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوامیں بھی حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے،اگر ان تینوں صوبوں میں نگران وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹیوں میں بھیجا جائے گا ۔