اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں 127 سوالات کے جوابات دیے، مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ پر مقدمہ کیوں بنایا گیا جس کا جواب ہے کہ نواز شریف کو سبق سکھانے کےلئے مجھے کیس میں گھسیٹا گیا۔
پنجاب ہاو¿س اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نوازکا کہنا ہے مجھ پر مقدمہ اس مائنڈ سیٹ کا ہے جو کہتا ہے آپ کو سبق سکھائیں گے، یہ وہی مائنڈسیٹ ہے جو منتخب وزیراعظم کو دھمکیاں دیتا ہے۔
انہوں نے کہا پاناما کا پہلا فیصلہ آیا تو سب چیزیں تفصیل سے سامنے لائی گئیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں میرا کہیں ذکر نہیں تھا،سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا جانتی ہوں مجھ پر ریفرنسز کیوں قائم کیے گئے، معلوم ہے 70 سے زائد پیشیاں کیوں بھگت چکی ہوں، معلوم ہے کینسر کے مرض میں مبتلا ماں سے مجھے کیوں دور رہنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف ہر جبر کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونے والے انسان ہیں، انہوں نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دلانے کےلئے جہاد پر نکلے ہیں اور اس جہاد میں، میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں۔