براہما پترا پر ڈیم کی تعمیر سے بھارت متاثر نہیں ہوگا : چین
بیجنگ (این این آئی) چین نے بھارت کے خدشات کو دور کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے براہما پترا سے آکر ملنے والے دریا پر ڈیم کی تعمیر سے بھارت کو پانی کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔
بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ ڈیم کی تعمیر تبت میں لوگوں کے ذریعہ معاش، فوڈ سیکیورٹی اور سیلاب سے بچاؤ کیلئے انتہائی ضروری ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تعمیر ہونے والے ڈیم کی گنجائش یارلونگ ڑینگ بو سے براہما پترا جانے والے سالانہ پانی کا 0.02 فیصد بھی نہیں لہٰذا ڈیم کی تعمیر سے نچلے علاقوں پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔بیان میں کہا گیا کہ لالہو ڈیم پروجیکٹ دریائے شیابوکو پر بننا ہے جو آگے چل کر دریائے براہما پترا سے ملتا ہے اور یہ دریا مکمل طور پر چین کی حدود میں ہے۔