کراچی (نیوز وی او سی آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہیں، انتخابات کے لیے ابھی سے تمام بنیادی تیاریاں شروع کرنے کی ضرورت ہے،عوامی نیشنل پارٹی آئندہ عام انتخابات کے لیے بھر پور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اترے گی ،اپنے قومی وجود کی بقاء ، تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے موثر پارلیمانی نمائندگی انتہائی ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق مردان ہاؤس میں الیکشن سیل کے اراکین کے اعزاز میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے شاہی سید نے کہا کہ عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی صوبے بھر سے امیدروار کھڑے کرے گی ،عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے کی واحدجماعت ہے جس نے ٹکٹوں کے اجراء کا عمل شروع کردیا ہے ،پارٹی کا پارلیمانی بورڈ بہت تیزی کے ساتھ بقیہ حلقوں میں بھی امیدواروں کو ٹکٹ اجراء کا عمل مکمل کردے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کارکنان کی محنت کے بل بوتے پر آنے والے عام انتخابات میں پارٹی ایک موثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی، پارٹی تنظیمیں نامزد امیدواروں کی کامیاب کے لیے ابھی سے عوامی رابطہ مہم شروع کردیں۔