ڈیرہ سچاسودا کی شہزادی کہلانے والی ہنی پریت قید میں وقت ضائع کرنے کی بجائے—-
چندی گڑھ (نیوز ڈیسک) بھارت کے بدمعاش گرو گرمیت رام سنگھ کی منہ بولی بیٹی ہنی پریت کبھی شہزادیوں جیسی زندگی گزار رہی تھی مگر آج کل اس کا قیام انبالہ جیل میں ہے۔ ڈیرہ سچاسودا کی شہزادی کہلانے والی ہنی پریت قید میں وقت ضائع کرنے کی بجائے جیل میں ہی ڈریس ڈیزائننگ، بلاک پرنٹنگ اور بیوٹی ٹپس کا کورس کررہی ہے۔
ہنی پریت، جس کا اصل نام پریانکا تنیجا ہے، اکتوبر 2017ءسے انبالہ جیل میں ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اگست 2017ءمیں گرو گرمیت سنگھ کو دو لڑکیوں کی عصمت دری کے الزام میں سزا سنائے جانے پر اس نے ڈیرہ کے پیروکاروں کو پرتشدد مظاہروں پر اکسایا۔ ان مظاہروں کے دوران درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے اور سرکاری املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا تھا۔
انبالہ جیل میں ایک پرائیویٹ ادارے کی جانب سے انبالہ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے تحت قیدیوں کو مختلف قسم کے کورس کروائے جاتے ہیں، جن سے دیگر قیدیوں کی طرح ہنی پریت بھی مستفید ہورہی ہے۔ ہریانہ کے انسپکٹر جنرل جیلز جوید سنگھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہنی پریت نے تین کورسز میں داخلہ لے رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کورسز قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لئے پیش کئے جاتے ہیں تاکہ قید سے رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار کما کر ایک اچھی زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں۔