پی ٹی آئی والے میرے بیان پر نیوز کانفرنس ہی کرسکتے ہیں، نواز شریف
سابق وزیر اعظم نواز شریف نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس ووٹ تو ہیں نہیں، وہ یہی کر سکتے ہیں کہ میرے عدالت میں بیان پر پریس کانفرنس کریں، ان کے عدالت میں ایک نہیں کئی نمائندے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اب نواز شریف کی تقریر کے دوران وہ کراؤڈ دکھایا جاتا ہے جو جلسے میں دو گھنٹے پہلے کا ہوتا ہے ۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز سے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے پوچھا کہ عدالت میں دیے گئے بیان پر پی ٹی آئی کے ترجمان کی پریس کانفرنس پر آپ کیا کہیں گے تو نواز شریف نے جواب دیا وہ زیادہ سے زیادہ یہی کچھ کر سکتے ہیں، ووٹ تو ان کے پاس ہیں ہی نہیں، ان کے عدالت میں ایک نہیں کئی نمائندے ہیں جو عدالتی کارروائی سے آگاہ کرتے ہیں۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ آج کل ٹی وی چینلز پر آپ کی مکمل تقریر نہیں دکھائی جارہی جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ نہ صرف تقریر پوری نہیں دکھاتے بلکہ تقریر کے دوران کراؤڈ بھی دو گھنٹے پہلے کا دکھاتے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ ان کا سوشل میڈیا بہت فعال ہے، وہ اپنی سوشل میڈیا ٹیم کہیں ساتھ لے کر نہیں جاتیں بلکہ وہاں کی مقامی سوشل میڈیا ٹیمیں اینٹری سے ایگزٹ تک سب کچھ کور کرتی ہیں۔