پاک سرزمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نےکہا ہے کہ سندھ میں بسنے والے سندھی اور مہاجروں کو لڑانے کی سازش اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مراد علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں جذباتی ڈرامائی بیان دراصل ان دونوں جماعتوں کی سازش ہے ۔ دونوں جماعتوں کے پاس کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں اسی لئے اب سندھی اور مہاجر کارڈ کھیلنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سازش کا آغاز پی پی پی نے لیاقت آباد جلسے سے تعصب اور نفرت بھری تقریر سے کیا اور ایم کیو ایم نے جواباً اسی جگہ سے لسانیت اور عصبیت کا نعرہ لگایا۔ سندھ کے عوام ہوشیار ہوں اور اپنے اتحاد سے پی پی پی اور ایم کیو ایم کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیں۔
ملک بھر میں جہاں جہاں انتظامی یونٹس بنانے کی آواز لگائی جائے اسے غیرآئینی یا غیرجمہوری نہیں کہا جا سکتا وقت آ گیا ہے کہ آئین کی آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومت کو مکمل سیاسی، انتظامی اور مالی احتیارات دئیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے اس موجودہ ایم کیو ایم اور اپوزیشن لیڈر کو دیکھ اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ ان کی گالی گلوچ کا جواب دینے والا کوئی نہیں ،دونوں جماعتوں کا حصول اقتدار کیلئے سازشی متعصبانہ کردار انتہائی قابل مذمت ہے۔