مصر میں انسانی اعضاء کی تجارت کے مکروہ دھندے میں ملوث ڈاکٹر اور2دیگرافرادگرفتار
قاہرہ(این این آئی)مصر کی پولیس نے ملک میں انسانی اعضاء کے غیر قانونی خریدو فروخت کے مکروہ دھندے میں ملوث ایک گروپ کو گرفتار کیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق قاہرہ پولیس نے شہر سے انسانی اعضاء کے دھندے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ گرفتار سماج دشمن عناصر نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور یا مالی تعاون کی پیش کش کر کے ان کے اعضاء ان سے خریدتے اور انہیں آگے فروخت کرتے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ میدان رمسیس کے مقام پر دو افراد کو دیکھا گیا جو کم آمدنی والے نواجوانوں کو اپنے اعضاء رقم کے بدلے فروخت کرنے کے لیے ان کے ساتھ بہاؤ تاؤ کر رہے تھے۔ملزمان میں سے ایک کا تعلق سکندریہ سے ہے جس کی عمر 41سال بتائی جاتی ہے جبکہ دوسرے کا تعلق السلام شہر سے ہے اور وہ غیر قانونی اسلحہ کے الزام میں دو سال قید کی سزا کاٹ چکا ہے۔
دوسری جانب ایک اور ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے ایک مقامی ڈاکٹر کے کہنے پر لوگوں سے ان کے اعضاء کی خریداری کے لیے بات چیت کی۔ انسانی اعضاء کی تجارت کے دھندے میں جس ڈاکٹر کا نام سامنے آیا ہے وہ مصرکے ہسپتالوں میں گردوں کی پیوند کاری کا کام کرتا ہے۔