بونیر: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو پہلے نااہل کیا گیا پھر جماعت کی صدارت چھینی گئی اب غداری کے فتوے نکال کرلے آئے ہیں نوازشریف کو کسی حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔
بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلے نوازشریف کے خلاف کرپشن کیس کو آزما کردیکھا گیا پھر وزارتِ عظمیٰ سے نااہل کیا گیا اور پھر پارٹی کی صدارت بھی چھین لی گئی اور جب کچھ حاصل نہ ہوا تو ڈبے سے غداری کا فتویٰ نکال کرلے آئے، دو روز سے فتوے جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے اور غداری کارڈ کھیلا جا رہا ہے مخالفین نے عوام اور نوازشریف کو دور کرنے اور محبت کم کرنے کی بہت کوشش کی لیکن 30 سال سے نوازشریف اورعوام کا رشتہ ہر روزگہرااور بڑھتا جارہا ہے، عوام نے نوازشریف کو 3 بار وزیراعظم بنایا، یہی عوام ہمارے خلاف پروپیگنڈے کا جواب 2018 میں دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے تو سپر پاور امریکا کے سامنے ڈٹ جانے والا اور دھماکوں کا جواب دھماکوں سے دینے والا وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والا نوازشریف کیسے غدار ہوگیا، اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر امن قائم کرنے والا، آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کرنے والا غدار ہوسکتا ہے، نوازشریف اس دھرتی کا بیٹا ہے اسے کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف غدار اور جنہوں نے پاکستان کو دہشت گردی کے اندھیروں میں دھکیلا، امریکا کو قوم کی بیٹی بیچ دی، ججز کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، کراچی کو خون میں نہلایا وہ محب وطن ہوگیا۔